پاک افغان ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے پہیہ جام کرنے کا عندیہ دے دیا

May 26, 2023

پشاور(لیڈی رپورٹر ) پاک افغان ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر محمد نور احمد زئی نے آئی جی پی خیبر پختونخوا اختر حیات خان اور ڈی آئی جی ٹریفک کے پی کے سے مطالبہ کیا ہے کہ پشاور اور ضلع خیبر میں ٹریفک پولیس کی مبینہ غنڈہ گردی اور بھتہ نہ دینے پر ہر ٹرالر کو دو دو بھاری جُرمانوں کے پرچے دینے کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے تاکہ افغان ٹرانسپورٹروں میں بڑھتی پریشانی ختم ہو سکے ورنہ ٹریفک پو لیس کے خلاف پاک افغان شاہراہوں پر پہیہ جام ہڑتال کرکے روڈ کو بندکرنے پر مجبور ہونگے صدر محمد نور احمد زئی نے کہا کہ امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کا مال پاکستان لانے اور لے جانے والے سینکڑوں ٹرالروں کو خیبر اور رنگ روڈ پشاور میں ٹریفک پولیس کے اہلکار بلا وجہ روک کر نہ صرف بھاری جُرمانے کرتے ہیں بلکہ کافی دیر تک روڈ کے کنارے کھڑا کر کے وقت ضائع کرتے ہیں جن کا کہنا ہے کہ اے آئی جی کا حکم ہے،انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ خیبر ایجنسی میں ٹریفک اہلکار پشاور ٹریفک پولیس کا پرچہ نہیں مانتے اور پشاور والے اُن کا پرچہ نہیں مانتے یہ کیسے انہونے کہا کہ ٹرانسپورٹروں کو بھاری نقصانات برداشت کرنا پڑرہے ہیں فرنٹیئر باڈہ روڈ،رنگ روڈ اور سیفن نہر کے علاوہ مختلف دیگر مقامات پر ٹریفک پولیس کے اہلکار مال بردار گاڑیوں کو بلا وجہ روک کر بھتہ وصولیاں کر رہے ہیں جو صوبائی حکومت کی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں، انہوں نے دونوں اعلیٰ پولیس حکام سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔