دو دریا، رہائشی عمارت کی لفٹ میںMPA کے بیٹے اور ملازمین کی خواتین سے دست درازی

May 27, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ساحل تھانے کی حدود، دودریا کے قریب رہائشی عمارت کی لفٹ میں ایم پی اے کے بیٹے اور اسکے ملازمین کی خواتین کے ساتھ 3 مئی کو ہونےوالی دست درازی کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر پر آگئی،جبکہ خواتین پر تشدد کرنے والے ملزم نے ہی الٹا خاتون کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرادیا ،تاہم واقعے کی ویڈیو سامنے آنے سے واقعہ کی حقیقت سامنے آ گئی ، فوٹیج میں واضح دیکھا جا سکتاہے کہ لفٹ میں 2 خواتین اور ان کا ملازم موجود تھا، اسی لفٹ میں ایک شخص داخل ہوتا ہے جس کے بارے میں انکشاف ہواہے کہ ہے کہ وہ رکن صوبائی اسمبلی کا بیٹا ہے اس کے بعد اس کے ملازمین و ساتھی بھی زبردستی لفٹ میں گھسنے لگے تو خواتین نے روکا توانھوں نے پر تلخ کلامی اور ہاتھا پائی شروع کر دی ،فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ ایک شخص خاتون سے نہ صرف دست درازی کر رہا بلکہ ان کو گلے سے بھی پکڑا ہوا ہےاورخاتون پرمکے بھی برسائے جاتے ہوئے واضح دیکھا جا سکتا ہے ، اسی دوران ایک خاتون نےموبائل فون پرسیکیورٹی کو اطلاع دی کچھ ہی دیر میں اپارٹمنٹ کے سیکیورٹی گارڈز بھی پہنچ گئے اور معاملہ رفع دفع کرایا۔ لفٹ میں جھگڑے کے بعد متاثرہ خاتون کا شوہر اسلحہ لے کر نکل آیا تھا جس کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 18مئی کو درج مقدمے میں مدعی اللہ جیوایو نے خاتون کے شوہر عدنان رانا کو نامزد کیا تھا ، جو مذکورہ رہائشی عمارت کا رہائشی ہے،ساحل انویسٹی گیشن پولیس نے مقدمے میں نامزد خاتون کے شوہر کو گرفتار کر لیا تھا،مدعی نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ وہ گزشتہ 8 ماہ سے مذکورہ ایڈریس پر محمد عمران ولد محمد اسلم ابڑو کے پاس باورچی کا کام کرتا ہوں اور یہیں پر رہائش پذیر ہوں،خاتون پر تشدد کرنے والے باورچی نے مقدمے میں کہا تھا کہ 3 مئی 2023 کو میں مرزا خان ولد بگن کے ساتھ گھر کا سامان لے کر اپنے فلیٹ میں جانے کے لیے گراونڈ فلور لفٹ کا انتظار کر رہے تھے جب لفٹ آئی تو لفٹ میں پہلے سے 2خواتین موجود تھیں،ہم لفٹ میں جانے لگے تو تقریباً رات ساڑھے11، پونے 12بجے ان خواتین نے ہمارے ساتھ بدتمیزی اورفحش کلامی کی، ہم لوگ گراؤنڈ فلور پر آئے تو خواتین نے کسی کو فون کیا تو محمد عدنان رانا 3 نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ آیا،محمد عدنان رانا کے ہاتھ میں پستول تھا انہوں نے ہمیں مارپیٹ کی تھپڑ مارے اور محمد عدنان رانا نے جان سے مارنے کی نیت سے مجھ پر فائر کیا میں معجزانہ طور پر بچ گیا وہاں کافی لوگ جمع ہوگئے اور سیکیورٹی والے بھی آگئے،انہوں نے ہمیں چھڑایا اور محمد عدنان رانا جان سے مارنے کے دھمکیاں دیتے ہوئے چلے گئے۔ اس واقعے کو وہاں پر موجود لوگوں اور محمد عمران ابڑو ، ہزار خان ولد شہباز خان اور عبد النبی ولد محمد نواز نے دیکھا ، محمد عمران ابڑو نے مددگار 15 پر اطلاع بھی دی تھی جس کے بعد ہم لوگ اپنے گاو ں چلے گئے تھے اب 18 مئی کو واپس آئے اور رپورٹ درج کرانےآیا ہوں،ملزم نے اپنے بیان لہذا محمد عدنان رانا اور اس کے 3 نامعلوم ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے پولیس نے مقدمے میں نامزد ملزم عدنان رانا کو گرفتار کر لیا تھا جو اب ریمانڈ پر پولیس کے پاس ہے اب واقعہ کی ابتدائی سی سی ٹی وی فوٹیج جو لفٹ کی خفیہ کیمرے سے بنی تھی منظر پرآگئی جس میں مقدمہ درج کرانے والا شخص ہی خواتین پر تشدد کر رہا ہے، جو دراصل عمران ابڑو کا باورچی ہے، باورچی نے ہی خواتین اور ان کے دیگر اہل خانہ کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔