سودی نظام سے چھٹکار ے کے بغیر خوشحالی ممکن نہیں،وزیر مذہبی امور

May 28, 2023

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ سودی نظام سے چھٹکارا پائے بغیر خوشحالی ممکن نہیں،اسلامی تعلیمات سے انحراف کے باعث آج ہم اس حالت کو پہنچ چکے ہیں،ہماری معیشت تباہ ہو چکی ہے ،سود کی لعنت سے پاک معاشرہ ہماری اشد ضرورت ہے۔ اس کے لئے ہر ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا ،تاجر برادری کی طرف سے سودی نظام کے خلاف آواز بلند کرنا خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان شریعت کونسل کے اشتراک سے منعقدہ "سود سے پاک معیشت "سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے تحریک انسداد سود کے کنوینئر مولانا زاہد الراشدی،ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی،تنظیم اسلامی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر عاطف وحید، سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید،پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا مفتی رویس خان ایوبی،اسلامی نظریاتی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر اکرام الحق یاسین، ماہر معاشیات ہمایوں جمشید،آئی سی سی آئی کے سابق صدر ظفر بختاوری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت کے سودی نظام معیشت کے خلاف تاریخی فیصلے اور متبادل روڈ میپ کی فراہمی کے بعد اس نظام کو برقرار رکھنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہ جاتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کے دو ٹوک اعلان اور اپیلیں واپس لینے کے باوجود معاملے کو لٹکایا جا رہا ہے ،جو مالیاتی ادارے سودی نظام کے خاتمے میں رکاوٹ ہیں پوری قوم کو ان کا بائیکاٹ کرنا چاہیے اور حکومت کو بھی اپیلیں واپس کرانے کے لئے ان پر دباؤ ڈالنا چاہیے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے مقررہ مدت میں ملکی معیشت کو سود سے پاک کیا جائے۔مقررین نے کہا کہ تاجر برادری کو بھی اس بات کا ادراک کرنا چاہیے کہ سودی لین دین اللہ کے خلاف اعلان جنگ ہے اس کے ساتھ کاروبار آگے نہیں بڑھ سکتا۔اس موقع پر تاجر رہنماؤں نے کہا کہ ملک بھر کے تمام چیمبرز اور تاجروں کو ساتھ ملا کر سودی نظام معیشت کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اس مہم کا مرکز بنائیں گے۔سیمینار میں مولانا نذیر احمد فاروقی، مولانا عبدالقدوس محمدی، مولانا تنویر احمد علوی،چیمبر کے نائب صدر اظہر الاسلام ظفر، مفتی دوست محمد، مفتی شکیل احمد، مولانا جمیل الرحمن فاروقی،تاجر رہنما، طارق وانی ،ڈاکٹر فہیم خان ،مولانا ثناء اللہ غالب،سعید احمد اعوان، حافظ سید علی محی الدین، مولانا رمضان علوی، سردار زاہد منان،مفتی نعمان احمد پسروری، مولانا امجد محمود معاویہ،صاحبزادہ نصرالدین خان عمر، مولانا ذوالفقار احمد، پروفیسر منیر احمد،مفتی محمد سعد سعدی، مولانا اسداللہ غالب، مولانا صلاح الدین،مولانا سید عبدالطیف شاہ اور دیگر نے بھی شرکت کی۔