گلاسگو: جشن ہنگامے میں تبدیل، 18 زخمی، ایک کی حالت تشویشناک

May 29, 2023

گلاسگو (پی اے) مقامی ٹیم کے چیمپئن بننے پر منایا جانے والا جشن ہنگاموں میں تبدیل ہوگیا، جس میں 18 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے تین شدید زخمی ہیں، ایک کی حالت ہسپتال میں تشویشناک ہے۔ پولیس نے 10 افراد کو ہنگامہ آرائی، غیرسماجی رویئے اور حملوں کے الزام میں گرفتار کرلیا جبکہ 8 افراد پر فکس پینلٹی عائد کی گئی ہے۔ سکاٹ لینڈ پولیس کے مطابق ہفتہ کی رات سکاٹش پریمیئر شپ فائنل میں پارک ہیڈسائیڈ کی فتح پر ہزاروں کیلٹک فینز گلاسگو کراس پر جمع ہوگئے، اس دوران جشن منانے والے افراد آپے سے باہر ہوئے اور انہوں نے سڑک پر پلاسٹک بوتلیں، کینز اور تھیلیوں سمیت دیگر کچرہ پھینکا جبکہ کچھ افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے مجموعی طور پر 18 افراد زخمی ہوئے۔ ایک شدید زخمی 31 سالہ شخص کوئین الزبتھ یونیورسٹی ہسپتال میں داخل ہے۔ اس دوران پولیس افسران کو بھی حملوں کا نشانہ بنایا گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی زخمی نہیں ہوا،۔ پارک ہیڈسائیڈ نے مقابل ایبرڈین کو 5 کے مقابلے میں صفر گول سے شکست دی۔ سکاٹ لینڈ پولیس کے گریٹر گلاسگو ڈویژن نے بتایا کہ اس طرح کا غیر مہذب اور معاشرتی اقدار کے مخالف رویہ قطعی ناقابلِ قبول ہے۔ ان واقعات میں 3 مختلف جگہوں پر حملوں کے نتیجے میں 3 افراد شدید زخمی ہوئے، جن میں سے ایک ہسپتال داخل جبکہ 19 اور 33 سالہ دو افراد کو ہسپتال میں طبی امداد دے کر ڈسچارج کردیا گیا۔ پولیس نے 10 افراد کو ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، تشدد کے الزا میں گرفتار کرلیا جبکہ 8 افراد پر فکس پینلٹی عائد کی گئی۔