فوڈ بینک کے بانی چندہ جمع کرنے کیلئے شاپنگ ٹرالی لے کر 32 کلو میٹر واک کریں گے

May 29, 2023

لندن (پی اے) ویسٹ مڈلینڈز میں کوونٹری فوڈ بینک کے بانیCanon Gavin Kibble لوگوں کی مدد کیلئے چندہ جمع کرنے کے لئے شاپنگ ٹرالی لے کر 32کلو میٹر واک کریں گے۔ Canon Gavin Kibble پر گزشتہ سال دل کا دورہ پڑا تھا لیکن ان کا کہنا ہے کہ ضرورت مندوں کی مدد کیلئے ان کے ارادے اور جذبہ جوان ہے، وہ عوام میں ضرورت مند لوگوں کی مدد کیلئے آگہی پیدا کرنے کیلئے اپنا سفر 29مئی کو شروع کریں گے اور اس واک کے دوران شہر کے 14فوڈ بینک سینٹرز پر رکیں گے۔ 59سالہ کیبل نے 12سال قبل فوڈ بینک قائم کیا تھا۔ ان کا قائم کردہ فوڈ بینک 250,000افراد کی امداد کرچکا ہے اور افراط زر کے اس ماحول میں اب بھی ہر ہفتہ 800افراد کو خوراک کی مد میں مدد بہم پہنچا رہا ہے۔ رواں سال جنوری میں فوڈ بینک 700افراد کی مدد کررہا تھا جبکہ گزشتہ سال جنوری میں فوڈ بینک سے استفادہ کرنے کی تعداد 500تھی۔ کیبل اپنے سفر کا آٖغار پیر 29مئی کو کینلے میں فوڈ بینک سینٹر سے کریں گے اور ان کا یہ سفر بنلے میں ہیلو سینٹر پر ختم ہوگا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ کنلے یہ فاصلہ کم وبیش 6گھنٹے میں مکمل کریں گے۔ انھوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ لوگ سامنے آئیں گے اور ان کی شاپنگ ٹرالی اور اس کے ساتھ لے جانے والے بیگ کو عطیات سے بھر دیں گے۔ ان کے اس سفر سے نہ صرف لوگوں میں گرانی کے اس دور میں ضرورت مندوں کی مدد کی آگہی پیدا ہوگی بلکہ اس سے کیبل کو اپنی فٹنس ثابت کرنے کا بھی موقع ملے گا۔ کیبل نے اپنے دل کے دورے کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ صرف شاپنگ کیلئے ایسڈا تک گئے تھے اور اس میں بھی مجھے راستے میں رک کر سانس لینا پڑی تھی اور جب میں گھر واپس پہنچا تو میری اہلیہ نے پوچھا کہ تمہاری طبیعت تو ٹھیک ہے، جس پر میں نے تھا کہ اب میں تھک گیا ہوں اور مجھے بستر پر جانا پڑے گا، میری اہلیہ نے 111 پرکال کی اور جب وہ علامات سنتے تھے تو فوری طور پر مجھے ہسپتال پہنچانے کی ہدایت کی۔ ایک گھنٹے کے اندر ہسپتال کی ایمرجنسی میں میرا ای سی جی ہوا، جس سے ہارٹ اٹیک کا پتہ چلا،جس سے مجھے حیرت ہوئی۔اس سے قبل کیبل کو انجائنا کی شکایت ہوچکی تھی، اس لئے دل کا دورہ پڑنے کے خدشات موجود تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ہسپتال میں مجھے بتایا گیا کہ میرے دل کی 3 میں سے 2 شریانیں بند ہیں، میرا آپریشن کر کے 2 اسٹنٹ ڈالے گئے، ہسپتال کے عملے نے میری اہلیہ کو بتایا کہ آپ نے بالکل صحیح وقت پر فون کیا تھا کیونکہ دوسرے دن میرا کام تمام ہوسکتا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ وہ اس وقت سے کوونٹری ریسرچ سٹڈی گروپ کی تجویز کردہ غذا استعمال کر رہے ہیں اور ایک سال سے انھوں نے شراب کو ہاتھ تک نہیں لگایا ہے، میں نے واک کرنے پر توجہ مرکوز کردی ہے اور باقاعدگی سے جم بھی جا رہا ہوں اور اب میں دل کا دورہ پڑنے سے قبل کے مقابلے میں خود کو 10 سال کم عمر کا محسوس کر رہا ہوں۔