مسلح افراد کی کار سوار جوڑے اور شہری پر فائرنگ، 7 گاڑیاں 33 موٹر سائیکلیں غائب

May 29, 2023

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار ) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 4گاڑیوں ایک رکشے 23 موٹرسائیکلوں ، طلائی زیورات ،موبائلز،نقدی اوردیگراشیاءسے محروم ہوگئے۔مختلف علاقوں میں 9افرادسے جھپٹامارکر موبائل فون چھین لئے گئے۔وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو تین گاڑیوں ، دس موٹر سائیکلوں ، لاکھوں روپے مالیت کی ملکی وغیر ملکی کرنسی، طلائی زیورات، موبائلز ، لیپ ٹاپس اوردیگر اشیاء اڑا لی گئیں۔ تھانہ شالیمار کے علاقے میں مومنہ اور اسکے دوست سے موبائل ونقدی چھین لی گئی، مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کردی اورفرار ہو گئے۔تھانہ بنی گالہ کے علاقے میں موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان نے ملک شہباز کی گاڑی پر فائرنگ کی ، پھرگاڑی میں موجود چھ لاکھ روپے اور موبائل چھین لیا ۔تھانہ نصیرآبادکے علاقہ ڈھوک سادامیں وحیداختر کے گھر کے تالے توڑ کر سونا مالیتی 8لاکھ روپے،غوثیہ محلہ ٹینچ بھاٹہ میں وقاص کبیر کے گھرسے سونا مالیتی 6 لاکھ 50ہزار روپےچوری کرلیاگیا۔تھانہ نصیرآبادکے علاقہ چاکرہ روڈپر یاسرحسین کی دکان اسامہ کمیونیکیشن میں 3نوجوان مسلح پسٹل داخل ہوئے اورکسٹمر محمد اسلم ،ندیم خان اور ہم سے 4لاکھ 40ہزار روپے اور14 موبائل چھین کرلے گئے۔آئی ایریا کے علاقے میں آفتاب کے گھر کے تالے توڑ کر ساڑھے چار تولے کے زیورات ، نقدی اور پرائز بانڈ، گولڑہ کے علاقے میں الطاف کے گھر کے تالے توڑکر آٹھ تولے کے زیورات و نقدی، لوہی بھیر کے علاقے میں میاں سلیم کے گھر کے تالے توڑ کر ملکی وغیرملکی کرنسی، چار تولہ زیوراوردیگر اشیاچرا لی گئیں۔ دیگر وارداتیں تھانہ رتہ امرال، نیوٹاؤن ، صادق آباد، ویسٹریج ،تھانہ نصیرآباد ریس کورس، پھلگراں ،کراچی کمپنی ،رمنا ،کورال ، تھانہ شالیمار کی حدود میں ہوئیں۔