اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے)پاکستان پیپلز پارٹی ہیومن رائٹس سیل کی جنرل سیکرٹری ملائکہ رضا نے کہا ہے کہ ا سلام آباد کے فیصلے اسلام آباد کے مقامی لوگ کریں گے، باہر سے آنے والے نہیں ۔اسلام آباد کے مقامی لوگوں کو ان کے اپنے شہر کے معاملات میں نظرانداز کرنا ناقابلِ قبول ہے۔جو لوگ اسلام آباد میں ایک سیکٹر سے دوسرے سیکٹر تک جانے کے لیے گوگل میپ کا سہارا لیتے ہیں، وہ اسلام آباد کی زمینی حقیقتوں اور مقامی مسائل کو کیسے سمجھ سکتے ہیں؟ ۔اسلام آباد کی گورننس کے فیصلے ان لوگوں کو کرنے چاہئیں جو اس شہر کے مسائل، ضروریات اور زمینی حقائق سے واقف ہیں ۔پنجاب یا ملک کے دیگر علاقوں سے آ کر اسلام آباد میں عہدے سنبھالنے والے افسران کو مقامی آبادی کی رائے اور تجربے کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے ۔اسلام آباد صرف سرکاری دفاتر اور شاہراہوں کا نام نہیں، یہاں برسوں سے آباد مقامی خاندان بھی اس شہر کا حصہ ہیں ۔ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اسلام آباد کے مستقبل کے فیصلے اسلام آباد کے مقامی لوگوں کی آواز اور مشاورت سے ہوں گے، باہر سے مسلط کیے گئے فیصلے قبول نہیں کیے جائیں گے ۔پاکستان پیپلز پارٹی عوامی شمولیت، مقامی نمائندگی اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر یقین رکھتی ہے۔