گیس اخراج سے دھماکہ‘ 2منزلہ عمارت گر گئی‘ نوعمر لڑکا جاں بحق‘ 7افراد زخمی

May 29, 2023

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) تھانہ ریس کورس کے علاقہ میں گیس کے اخراج کی وجہ سے ہونیوالے دھماکہ سے ایک نوعمر لڑکا جاں بحق اور 7افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ 2منزلہ مکان کا کچھ حصہ گر گیا۔ ریسکیو 1122کے مطابق پیپلز کالونی سٹریٹ نمبر 62میں رہائش پذیر عمران ولد اسلام دین کے گھر گیس لیکیج کے باعث اتوار کی صبح زوردار دھماکہ سے آگ لگ گئی جس سے 8افراد جل گئے اور ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو عملہ نے انہیں ملبے سے نکالا اور ہسپتال منتقل کیا جن میں سے ایک 14سالہ لڑکا ساحل ولد عمران دم توڑ گیا۔ دیگر زخمیوں میں 35سالہ عمران ولد اسلام دین‘ فوزیہ زوجہ عمران‘ 19سالہ زبیر ولد عظمت‘ 19سالہ فیصل ولد گلزار‘ 24سالہ ملائکہ دختر گلزار‘ 14سالہ مسکان دختر عمران‘ 5سالہ مہ روزش دختر عمران شامل ہیں۔ عمران کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ انسپکٹر حیدر یعقوب کے مطابق گیس والو رات کو کھلا رہنے سے گیس جمع ہو گئی تھی جو صبح لائٹر جلانے پر دھماکہ ہوگیا۔