شہریوں کی عزت نفس کا خیال رکھیں،سائلین کااحترام کریں،آئی جی

May 30, 2023

لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس انتہائی نامساعد حالات اور محدود وسائل کے باوجود بہترین خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ آئی جی پنجاب سے مختلف اضلاع کے پولیس افسران واہلکاروں نے ملاقات کی، آئی جی نے لا اینڈ آرڈر اور کرائم کنٹرول میں بہترین کارکردگی کے حامل 85 افسران واہلکاروں کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد دیں، ایوارڈز حاصل کرنے والوں میں کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک کے اوکاڑہ پولیس کے 75پاکپتن کے 10ملازمین شامل ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا دوران ڈیوٹی قانونی پیچیدگیوں کا سامنا کرنیوالے پولیس ملازمین کی مالی معاونت کیلئے "انڈوومنٹ فنڈ" کا قیام عمل میں لایاجا رہا ہے،اس فنڈ کے ذریعے عدالتی کیسز کا سامنا کرنے والے اہلکاروں کو قانونی معاونت، رہنمائی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا 2017 سے پہلے کے شہدا کے ورثا کی رہائش اور ویلفیئر کیلئے انڈوومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لائے ہیں، آئندہ ہفتے مزید پروموشنز ہونگی، سپیشل بچوں کے پراجیکٹ "میرے پھول" کے تحت 2250 رجسٹرڈ بچوں کا بہترین علاج معالجہ جاری ہے۔