پولیس کی ذمہ داریوں میں عدم توازن ختم کرنا ہوگا، پولیس کمشنر

May 31, 2023

لندن (پی اے) میٹ پولیس کے افسران ستمبر سے مینٹل ہیلتھ کے معاملات سے متعلق ایمرجنسی کالز اٹینڈ نہیں کریں گے۔ پولیس کمشنر سر مارک رولے نے ہیلتھ اور سوشل کیئر کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے کہ31اگست کے مینٹل ہیلتھ کے کسی معاملے میں پولیس دخل نہیں دے گی۔ خط کے مطابق یہ فیصلہ پولیس کو اپنی بنیادی ذمہ داریوں کے لیے زیادہ وقت دینے کے لیے کیا گیا ہے۔ گارڈین کے نام پولیس نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ اگر کسی کی جان کو فوری خطرہ لاحق ہوگا تو پولیس فوری توجہ دینے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ذمہ داریوں میں عدم توازن دور کرنے کی فوری ضرورت ہے۔ ہیلتھ سروسز کو ذہنی بیماروں کی دیکھ بھال اور علاج کی ذمہ داریوں پر توجہ دینی چاہئے اور پولیس افسران کو اپنی بنیادی ذمہ داریوں پر توجہ دینے کی مہلت دینی چاہئے۔ ایک پولیس ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس کو اگر مینٹل ہیلتھ کے معاملے میں دخل دینا پڑے تو ایک مریض پر کم و بیش10گھنٹے لگ جاتے ہیں اور صرف لندن میں انہیں ہر ماہ5.6سو مریضوں پر توجہ دینا پڑتی ہے اور افسران کو ملزمان کو معالجین کے حوالے کرنے کے لیے کم از کم اتنا ہی وقت انتظار میں گزارنا پڑتا ہے۔ ہمبر سائیڈ پولیس نے بھی ایسی ہی پالیسی اختیار کی ہے جسے رائٹ کیئر کا نام دیا گیا ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق اس پالیسی پر عمل سے پولیس کے کم و بیش11سو گھنٹے کی بچت ہوگی۔