یونانی سمندر میں آسمانی بجلی گرنے سے 26 سالہ برطانوی ہلاک

June 01, 2023

لندن (پی اے) یونان کے سمندر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک برطانوی ہلاک ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ برطانوی شخص یونان کے سمندر میں پیڈل بورڈنگ کر رہا تھا، جب مبینہ طور پر آسمانی بجلی گری، جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ لوکل میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز اس واقعے میں ہلاک ہونے والے شخص کا تعلق لیورپول سے ہے اور اس کی عمر26سال ہے۔ رہوڈز پورٹ اتھارٹی کے نمائندے نے بتایا جب آسمانی بجلی گری تو وہ رہوڈز میں اگیا اگاتھی سے دور تھا۔ پورٹ اتھارٹی نمائندے کا کہنا ہے کہ کیس کی فعال نوعیت کی وجہ سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کر سکتے۔ برطانوی فارن آفس نے کہا کہ اس شخص کی فیملی کو سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے اور وہ مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔ ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا یہ شخص براہ راست آسمانی بجلی کی زد میں آیا تھا۔ پریس ایسوسی ایشن نے کہا کہ یونانی اخبار روڈیاکی نے اطلاع دی ہے کہ منگل کو مقامی وقت کے مطابق 13:30 سے کچھ قبل اس شخص کے قریب آسمانی بجلی پانی میں گری تھی، جس کی وجہ سے وہ بھی پانی میں گر گیا تھا۔ اخبار نے کہا کہ اس وقت اس شخص کی گرل فرینڈ ساحل سے اس کی فلمبندی کر رہی تھی۔ اس میں مزید کہا گیا کہ ایک راہگیر، جسے اس نے مقامی فٹبالر کا نام دیا،اس شخص کو سمندر سے کھینچ کر کنارے پر لایا تھا۔ اسے فوری طور پر مقامی ہسپتال لے جایا گیا جہاں بعد میں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔