حکومت پاکستان عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کردار ادا کرے، آئی جے ٹی

June 02, 2023

پشاور (خصوصی نامہ نگار) ‎اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس پشاور نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور سنیٹر مشتاق احمد خان کی کوششوں کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی جس میں بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔ ریلی جامعہ پشاور ہاسٹلوں سے شروع ہو کر خیبر میڈیکل کالج کے سامنے ختم ہوئی۔ ریلی کے شرکاء خطاب کرتے ہوئے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس پشاور اسفندیار ربانی نے کہا کہ پاکستان کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی گزشتہ 20 سالوں سے بغیر کسی جرم کے امریکہ کی بدنام زمانہ جیل میں قید ہے، حکمران باہر ممالک میں جائیدادیں بنانے اور خریدنے میں مصروف ہیں۔ حکمران تھوڑا سا وقت نکال اور سنجیدہ ہو کر ریاستی سطح پر ڈاکٹرعافیہ صدیقی کا ایشو اٹھائے تو سالوں نہیں دنوں ہفتوں میں عافیہ رہا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے سنیٹر مشتاق احمد خان کو خراج تحسن پیش کیا جنہوں نے سنیٹر ہونے کا حق ادا کر کے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کوششیں کیں اور 20 سال بعد ملاقات کو ممکن بنایا۔