پشاور(کرائم رپورٹر) پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر خیبرپختونخوا پولیس کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں جبکہ پولیس فورس کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے تمام اسٹرٹیجک تنصیبات کی حفاظت کیلئے بھی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔ اس ضمن میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی زیرصدارت سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اعلیٰ سطح اجلاس منعقدہ ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی پیز آپریشنز، انوسٹی گیشن، ہیڈ کوارٹرز، سپیشل برانچ اور ٹریننگ سمیت تمام ڈی آئی جیز اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ریجنل اور ضلعی پولیس افسران بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔ اس موقع پر آئی جی پی نے افسران کو اپنے ریجنز اور اضلاع میں پولیس کو ہائی الرٹ اور مستعد رہنے کے ساتھ ساتھ تاحکم ثانی تمام سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرکے سٹیشنز پرحاضر رہنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ آئی جی پی نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے پولیس کو بھر پور تیاری کا حکم دیا اور کہا کہ کشیدہ صورتحال میں ہماری اولین ترجیح اپنے عوام کا تحفظ اور انہیں کسی بھی قسم کی افراتفری اور انتشار سے بچانا ہے جس کے لیے افسران حکمت عملی مرتب کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام لائنز ڈیپارٹمنٹ کے سربراہان کے ساتھ مشترکہ اجلاس منعقد کرکے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔آئی جی پی نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوامی تحفظ اور اپنے علاقہ اختیار میں فوجی حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے، ان کی آپریشنل ضروریات کے مطابق مدد فراہم کرنے اور اسٹرٹیجک اثاثوں کی سکیورٹی اور کسی بھی طرح کے ملک دشمن عناصر کی طرف سے ممکنہ ردعمل کی صورت میں تیار رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے غیر ملکیوں کی نقل و حرکت پر خصوصی نظر رکھنے اور انکی سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کرنے اور مشکوک سرگرمیوں سے متعلق انٹیلی جنس معلومات، علاقے میں گشت اور تلاشی کی کارروائیوں میں مطلوبہ تعاون فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اسی طرح کسی بھی سائبر حملے سے بچائو کے لیے بھی ہنگامی اقدامات کرنے اور اس حوالے سے اپنے ماتحتوں کو کسی بھی قسم کے غیر ضروری لنکس کھولنے اور دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس پر حساس تصاویر اور معلومات شیئر کرنے سے باز رکھنے کی بھی ہدایت کی۔