پاکستان میں پہلی مرتبہ سیلولر صارفین کی تعداد میں 15 لاکھ سے زائد کی کمی

June 02, 2023

اسلام آباد (ساجد چوہدری ) پاکستان میں پہلی مرتبہ سیلولر صارفین کی تعداد میں 15لاکھ سے زائد کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ مجموعی طور پر تھری جی اور فور جی کے0اعشاریہ 56ملین صارفین کم ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان میں سیلولر صارفین کی تعداد مارچ کے آخرتک 194اعشاریہ 12ملین تھی جو کہ اپریل کے آخر تک کم ہو کر 192اعشاریہ 60ملین ہوگئی۔

اس طرح صارفین کی تعداد میں ایک ماہ کے دوران پندرہ لاکھ بیس ہزار کمی ہوئی۔ تھری جی اور فور جی صارفین کی تعداد مارچ کے آخر تک 124اعشاریہ 85 ملین تھی جو اپریل 2023ءکے آخر تک کم ہو کر 124اعشاریہ 29 ملین ہوگئی۔

دریں اثناء پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو اپریل 2023میں ٹیلی کام صارفین کی جانب سے مختلف ٹیلی کام آپریٹرز اور سیلولر آپریٹرز کے خلاف 13291 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 13192 کو حل کر دیا گیا ہے۔