جہاز رانی سے پاکستان میں گرین ہاؤس گیس کا اخراج کم کیا جاسکتا ہے، اینڈریو شوفر

June 04, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) امریکی مشن کے نائب سربراہ اینڈریو شوفر نے کہا ہے کہ پاکستان میں جہاز رانی کی سرگرمیوں کے ذریعے گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج کم کرنے سے نہ صرف ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی، بلکہ پاکستان کی شپنگ صنعت اور مجموعی معیشت کی طویل مدتی مسابقت میں بھی اضافہ ہوگا،تفصیلات کے مطابق پاکستان میں امریکی مشن کے نائب سربراہ اینڈریو شوفر نے31 مئی تا 3 جون سندھ کے دارالحکومت کراچی کا دورہ کیا، دورے کا مقصد امریکا- پاکستان "سبز اتحاد" فریم ورک سمیت پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم کے شعبہ جات میں امریکا کے تعاون و عزم کو اجاگر کرنا تھا۔ اینڈریو شوفر کی سرکاری عہدیداران، ڈاکٹرز، انسانی حقوق کے نمائندگان اور امریکی حکومت کی معاونت سے چلنے والے انگلش ورکس پروگرام کے طالب علموں کیساتھ ملاقاتیں دورے کے نمایاں پہلوؤں میں شامل ہیں۔ امریکا اور پاکستان کیجانب سے فریم ورک برائے "سبز اتحاد " کے ذریعےمستقبل میں پیش آنیوالے ماحولیاتی و معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ تیاریاں جاری ہیں۔ ڈی سی ایم اینڈریو شوفر نے ان ترجیحات کی حوصلہ افزائی کیلئے پاکستان کے وزیر برائے بحری امور سید فیصل سبزواری، حکومتی عہدیداران اور نجی شعبہ کے سربراہان کیساتھ گول میز مذاکرات میں شرکت کی۔