بجٹ، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے 152 ترقیاتی منصوبوں کے لئے 46 ارب روپے رکھنے کی تجویز

June 04, 2023

اسلام آباد ( آن لائن ) پلاننگ کمیشن آف پاکستان کی طرف سے آئندہ مالی سال کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے 46 ارب روپے مالیت کے 152 ترقیاتی منصوبے بجٹ منظوری کیلئے پیش کئے جائیں گے۔نیوز ایجنسی کو دستیاب سرکاری دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے جاری 138 ترقیاتی منصوبوں کیلئے 42 ارب 38 کروڑ روپے جبکہ 14 نئے منصوبوں کیلئے 2 ارب 66 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے جن ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھا جائے گا ان میں تین ارب پچانوے کروڑ روپے کی لاگت کا اوورسیز سکالرشپ پروگرام،ساڑھے تین ارب روپے کاپاک امریکا نالج کوریڈور پروگرام کے تحت اسکالرشپس،پچھہتر کروڑ روپے لاگت سے ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ پروگرام ،پچاس کروڑ روپے کی لاگت سے پاکستانی یونیورسٹیز کیلئے فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام،ڈیڑھ ارب روپے مالیت کے فنڈز سے افغان طلبہ کیلئے علامہ اقبال اسکالرشپ پروگرام،ایک ارب روپے کے فنڈز سے فل برائٹ سپورٹ پروگرام ،چالیس کروڑ روپے مالیت سے پاک سری لنکا ہائیر ایجوکیشن تعاون کے منصوبے کے علاؤہ قائد اعظم یونیورسٹی کے پاک چین مشترکہ ریسرچ سینٹر کے قیام ،بلوچستان اورفاٹا کے طلبہ کے لئے تعلیمی مواقع پیدا کرنے کا نیا منصوبہ اور نیشنل سائبر سکیورٹی اکیڈمی کے قیام کیلئیساٹھ کروڑ روپے کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔