الٹرالو ایمیشن زون سے متاثرہ افراد کیلئے مالی امداد کا دائرہ وسیع، چھوٹے بزنسز کو بھی گرانٹ ملے گی

June 04, 2023

لندن (سعید نیازی) لندن میں 29اگست سے الٹرالو ایمیشن زون (ULEZ) میں توسیع سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے میئر لندن نے مالی امداد کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔ میئر لندن کے تجویز کردہ منصوبے کے مطابق آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو تبدیل کرنے کیلئے توسیع شدہ یو ایل ای زیڈ والے علاقے میں رہنے والے چائلڈ بینفیٹ لینے والے خاندانوں کے علاوہ اکیلے تاجر اور مائیکرو بزنسزچلانے والوں سمیت 50ملازمین والے چھوٹے بزنسز بھی گرانٹ وصول کرنے کے حقدار ہونگے۔ واضح رہے کہ فضائی آلودگی کی کمی کیلئے 29 اگست سے یو ایل ای زیڈ کے نفاذ کے بعد مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے والی گاڑیوں کو چلانے کی صورت میں ڈرائیوروں کو روزانہ ساڑھے بارہ پائونڈ ادا کرنا ہونگے۔ میئر آفس کے مطابق صادق خان زون میں توسیع کے حوالے سے لوگوں کے تحفظات سے آگاہ ہیں اور اسکیم کے تحت کیئر ورکرز کو ’’ٹارگٹیڈ ہیلپ‘‘ کی فراہمی کے علاوہ ایک کی بجائے تین وینز کو اسکریچ کرنے کی اجازت ہوگی۔ جبکہ اکیلے تاجروں، 10ملازمین والے مائیکروبزنس،اسمال بزنسز اور رجسٹر چیرٹیز کو آرڈر شدہ گاڑی 29اگست تک نہ ملنے کی صورت میں رعایتی مدت دی جائے گی،ا ور اسکریچ اسکیم کا جائزہ لیا جاتا رہے گا۔ گزشتہ ہفتہ دو لیبر اراکین پارلیمنٹ نے میئر لندن سے متاثرہ خاندانوں اور تاجروں کے تحفظات کے حوالے سے نظرثانی کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ لندن کی پانچ ٹوری کنٹرول کونسلوںکو گزشتہ ماہ لندن ہائی کورٹ نے توسیع کے منصوبے کو چیلنج کرنے کی اجازت بھی دی تھی۔ میئر آفس سٹی ہال میں کنزرویٹو پارٹی کے نمائندے پیٹرفارچیون کا کہنا ہے کہ یو ایل ای زیڈ میں توسیع کا منصوبہ ’’رقم ہتھیانے کی کوشش‘‘ ہے جس سے کم آمدنی والے گھرانے، چیرٹی ادارے اور بزنسز زیادہ متاثر ہونگے انہوں نے اسکریچ اسکیم میںتوسیع کا خیرمقدم بھی کیا جس سے لوگوں کو غیر ضروری طورپر قرض نہیں لینا پڑے گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اب بھی دو ہزار پائونڈ تک کی اسکریچ اسکیم سے لوگ نئی گاڑی خریدنے کے قابل نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ صادق خان اس اسکیم کو ختم کرکے، جہاںفضائی آلودگی موجود ہے اس سے نمٹیں، بجائے اس کے کہ جہاں یہ آلودگی نہیں وہاں رہنے والوں پر بھی ٹیکس لگا دیں۔ فیڈریشن آف اسمال بزنسز کی سارہ کنگ کا کہنا تھا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ اسکیم سے زائد ملازمین والے بزنسز بھی مستفید ہو سکیں گے لیکن انہیں اب بھی اس حوالے سے تحفظات ہیں، اور رعایتی مدت بھی کافی نہیں ہے۔ واضح رہے کہ میئر آفس کے مطابق لندن میں مجموعی طور پر 8لاکھ 74ہزار 710 خاندان چائلڈ بینفیٹ وصول کرتے ہیں اور ان میں سے 5 لاکھ 78 ہزار 315 آئوٹر لندن میں رہتے ہیں۔