لیسٹر واقعات کے انڈی پینڈنٹ ریویو کیلئے لارڈ آسٹن کی تقرری پر مسلم کونسل برطانیہ کا اظہار تشویش، حکومت سے نظرثانی کا مطالبہ

June 04, 2023

لندن (پی اے) مسلم کونسل آف بریٹین نے گزشتہ سال لیسٹر میں مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان شہری بدامنی کے ریویو کیلئے اسرائیل وزیراعظم کے اسرائیل کیلئے تجارتی ایلچی کی بطور چیئر تقرری پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ لارڈ ایان آسٹن کو اس انڈی پینڈنٹ ریویو کا سربراہ مقرر کرنے کا اعلان جمعہ کو اعلان کیا گیا، جو برطانوی پاکستانی مسلم اور ہندوستانی ہندو کمیونٹیز کے درمیان بدامنی کا واقعہ کا جائزہ لے گا، جس میں وسیع پیمانے پر تشدد، توڑ پھوڑ، عبادت گاہوں پر حملے کئے گئے تھے۔ وہ 2021میں اس وقت تنازع کا باعث بنے تھے، جب انہوں نے ایک ٹوئٹ پوسٹ کی تھی، جس میں غزہ کے لوگوں کیلئے بین اینڈ جیری کی آئس کریم کیلئے جعلی نئے ذائقے کو ظاہر کیا گیا تھا اور اسے حماس ٹیرر میسو کا نام دیا گیا تھا، یہ اس کے بعد کیا گیا تھا، جب کمپنی نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی اسرائیلی بستیوں میں اپنی پروڈکٹس کی فروخت بند کر دے گی۔ دی مسلم کونسل آف بریٹن، جو ملک بھر میں مسلم گروپوں کی نمائندگی کرنے والی ایک امبریلا آرگنائزیشن ہے، نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس انڈی پینڈنٹ ریویو کیلئے لارڈ آسٹن کی تقرری پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے اور لیولنگ اپ منسٹر مائیکل گوو سے اس پر نظر ثانی کرنے کا پر زور مطالبہ کرتی ہے۔ ایک بیان میں مسلم کونسل نے کہا گزشتہ سال کی بدامنی کی وجوہ کو سمجھنے اور اسے حل کرنے کیلئے ایک انڈی پینڈنٹ ریویو اہم قدم ہے، تاہم اس کیلئے ایک آزاد ریویور کا ہونا انتہائی ضروری ہے، جو غیر جانبدار، منصفانہ انداز میں کام کرے اور وہ تمام سٹیک ہولڈرز کا اعتماد اور اعتبار حاصل کرنے کے قابل ہو۔ لارڈ آسٹن کے منافرت اور تفرقہ انگیز ریکارڈ اور ان پر اسلامو فوبیا کے سنگین الزامات کے پیش نظر اس ریویو کیلئے ان کی تقرری سے لیسٹر کے مسلمانوں اور دیگر کمیونٹیز میں گہری تشویش پیدا ہوئی ہے۔ مسلم کونسل نے کہا کہ اس سے ہماری کمیونٹیز کے اندر اعتماد اور ہم آہنگی پیدا کرنے کے مقصد کے جائزے کی نگرانی کیلئے ان کی تقرری سے شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں۔ تنظیم نے کہا کہ لارڈ آسٹن کی زیر قیادت اس طرح کے کسی بھی جائزے کو اس کی ساکھ اور قانونی حیثیت کے بارے میں سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مسلم کونسل نے کہا کہ ہم سیکرٹری آف سٹیٹ فار کمیونٹیز مائیکل گوو سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ لیسٹر کی بدامنی کے واقعے کے انڈی پینڈنٹ ریویو کیلئے لارڈ آسٹن کی تقرری کے فیصلے پر نظر ثانی کریں اور اس کیلئے ایک انڈی پینڈنٹ ریویور کا انتخاب کریں، جسے لیسٹر میں متنوع کمیونٹیز کا اعتماد اور سپورٹ حاصل ہو سکے۔ مسلم کونسل نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ یہ یقینی بنانے کیلئے سرعت کے ساتھ اقدامات کرے کہ یہ ریویو اس جھلک کو نمایاں کرے کہ یہ جائزہ شفافیت، انصاف اور اتحاد کے اصولوں کے مطابق کیا گیا ہے، جس کے لیسٹر اور اس کے باشندے مستحق ہیں۔ اس سے قبل وہ 2005سے 2019 تک ڈڈلی نارتھ کے لیبر ایم پی رہے تھے اور وہ اپنے آخری نو ماہ میں انڈی پینڈنٹ ایم پی کے طور پر بیٹھے تھے۔ بطور ایم پی پارٹی سے استعفیٰ دینے کے بعد ان کا دعویٰ تھا کہ ان کے مستعفی ہونے کا سبب انتہا پسندی، اینٹی سیمیٹزم اور عدم برداشت کا کلچر تھا۔ انہیں 2020میں تاحیات پیئرایج کیلئے نامزد کیا گیا تھا اور وہ اب بھی ہاؤس آف لارڈز میں ایک انڈی پینڈنٹ کی حیثیت سے بیٹھے ہیں۔ جمعے کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے پس منظر اور عقائد کو قبول کرنا ہماری قومی شناخت کا مرکز ہے۔ کمیونٹیز نے، جو ایک دوسرے کے ساتھ رہ رہی ہیں اور کام کر رہی ہیں، ملک بھر میں سب سے زیادہ متحرک معاشرے بنائے ہیں اور لیسٹر جیسے شہروں کی رواداری اور تنوع کی قابل فخر تاریخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہم نے لیسٹر میں جو مناظر دیکھے تھے، جنہوں نے صورت حال کو مزید پریشان کن بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں یہ انتہائی اہم ہے کہ ہم لیسٹر میں لوگوں کی بات سنیں کہ کیا ہوا اور کیوں ہوا تھا۔ دی ڈپارٹمنٹ فار لیولنگ اپ، ہاؤسنگ اینڈ کمیونٹیز (ڈی ایل یو ایچ سی) نے کہا کہ اس ریویو کی قیادت ماہرین کا ایک پینل کرے گا، جس کی تقرری کا مقصد بدامنی کی وجوہ کو سمجھنا اور مسلم و ہندو کمیونٹیز کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے بارے میں سفارشات تیار کرنا ہے۔ گزشتہ ستمبر میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچ سے شروع ہونے والے تشدد اور بدامنی سے نمٹنے میں مدد کیلئے ایسٹ اور ویسٹ مڈلینڈز سے آفیسرز اور ٹیمز ویلی سے گھوڑوں کو لایا گیا جبکہ آفیسرز کو ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات سے ہٹا کر یہاں منتقل کیا گیا تھا۔ پولیس نے کم از کم 47افراد کو گرفتار کیا تھا۔ دی مسلم کونسل کے خدشات کا جواب دیتے ہوئے ڈی ایل یو ایچ سی کے ترجمان نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ مکمل انڈی پینڈنٹ ریویو لیسٹر میں کمیونٹی کی ہم آہنگی کو مستحکم کرے گا۔ لیسٹر ایک ایسا شہر ہے، جس میں رواداری اور تنوع کی ایک قابل فخر تاریخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریویو شہر اور اس سے باہر کے لوگوں اور آوازوں کی ایک وسیع رینج اس بات کی تہہ تک پہنچنے کیلئے اہم کام ہے کہ کیا ہوا اور کیوں ہوا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ ہم جلد ہی ریویو کے بارے میں مزید تفصیلات کا اعلان کریں گے، جس میں پینل کے اراکین کے نام شامل ہوں گے، جو اس اہم کام میں چیئر کو سپورٹ کریں گے۔