سوئنڈن میں نائف کرائم اور تشدد سے نمٹنے کیلئے فوکسڈ پٹرولنگ، 30 گرفتار

June 04, 2023

لندن (پی اے) سوئنڈن میں نائف کرائم اور تشدد میں اضافے کے جواب میں 300سے زیادہ فوکسڈ پٹرولز کئے گئے، جس کے نتیجے میں 30 گرفتاریاں ہوئیں۔ ولٹ شائر پولیس نے چار ہفتوں کے دوران بہتر فعال پولیسنگ کی ہے۔ گزشتہ ماہ فعال پولیسنگ گرفتاریوں،منشیات،ہتھیاروں اور پرتشدد جرائم کے خلاف کی گئی تھی۔ سپرنٹینڈنٹ فل سٹیننگز کا کہنا ہے کہ یہ ایک بہت ہی مثبت مہینہ رہا ہے، جس نے ہمیں سوئنڈن کی صورت حال کی ایک باخبر تصویر بنانے کی اجازت دی ہے۔ پوری پولیس فورس کی مختلف ٹیموں کے آفیسرز نے سیکڑوں پٹرولز میں حصہ لیا، جس میں سٹاپ اینڈ سرچ،بیل آرڈر چیک اور کلوزر آرڈر چیک شامل تھے۔ ٹائون میں جرائم کے واقعات کے افسوس ناک نتائج میں اوون ڈن اور لی ٹرنر کی حالیہ اموات بھی شامل ہیں، جو چھرا گھونپنے کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ او این ایس (آفس فار نیشنل سٹیٹیسٹکس) کے اعداد و شمار برائے 2022میں ولٹشائر میں نائف کرائم سے متعلق 308 سنگین واقعات کی نشان دہی کی گئی ہے، جو سال گزشتہ کے مقابلے میں 14فیصد زیادہ ہے۔ سپرنٹینڈنٹ سٹیننگز نے کہا کہ اس صورت حال (نائف کرائم میں اضافے) کے نتیجے میں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس سے بخوبی واقف ہیں کہ اس قسم کی خطرناک سرگرمیاں لوگوں،فیملیز اور کمیونٹیز کیلئے المناک نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سٹاف اس صورت حال کی وجہ سے ہاٹ سپاٹ ایریاز میں مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں متعدد فعال سرگرمیوں کیلئے انتھک محنت اور کام کر رہا ہےجبکہ عوام کو درپیش خطرے کو کم سے کم کیا جا رہا ہے اور انتہائی کمزور لوگوں کی حفاظت کی جا رہی ہے۔ سپرنٹینڈنٹ فل سٹیننگز نے کہا کہ پولیس فورس ٹائون میں نائف کرائم،نوجوانوں اور گینگز سے متعلق تشدد کا مقابلہ کرنے کی کوششیں کر رہی ہے، جس کیلئے ایریاز میں مزید فعال پولیسنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نائف کرائم،نوجوانوں اور گینگ سے متعلق تشدد کا مقابلہ کرنا ایسی چیز ہے، جس سے پولیس تنہا نبرد آزما نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس حوالے سے معلومات کیلئے کمیونٹیز پر انحصار کرتے ہیں۔ ہم اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر اس بارے میں انتھک محنت کر رہے ہیں کہ چاقو برداری کے خطرات عوام کو سے آگاہ کرنے کیلئے باہمی تعاون پر مبنی نقطہ نظر پیدا کیا جا سکے۔ ولٹشائر پولیس اینڈ کرائم کمشنر فلپ ولکنسن نے فعال پولیسنگ آپریشن کے نتائج کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کچھ کمیونٹیز میں نائف کرائمز،نوجوانوں اور گینگز سے متعلق تشدد زیادہ عام ہو رہا ہے۔ ہمیں اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے اور اس معاملے میں ارلی انٹروینشن اور بیداری کیلئے پارٹنر ایجنسیز کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ قانون کی روبسٹ انفورسمنٹ اور فعال پولیسنگ صورت حال کو بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے۔