آل میونسپل ورکرز یونین نے دھرنے کا اعلان کردیا

June 04, 2023

پشاور ( وقائع نگار )آل میونسپل ورکرز یونین ڈبلیو ایس ایس پی پشاور کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں چیئرمین ریاض خان,جنرل سیکرٹری عابد سہیل صدیق اللہ مشوانی,رضوان اللہ خلیل,علی حیدر,پرویز,ہنر سیلاب,نصیر,اول سید,شاہ حسن نسیم اکبر سہیل سلیم,حسین خان,آصف خان,عبدالسعید,اختر منیر اور یونین کے دیگر تمام عہدیداروں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کا استحصال بند کیا جائے تنخواہیں جان بوجھ کر لیٹ کی گئیں ہر ماہ احتجاج و ہڑتال پر مجبور کیا جاتا ہے ۔کئی ماہ سے ملازمین کا استحصال جاری ہے جو لمحہ فکریہ ہے ،فنڈز منظور ہونے کے باوجود بھی احتجاج پر مجبور ہیں احتجاج کے بغیر تنخواہیں نہیں ملتی جو کہ انتہائی افسوس ناک ہے ۔ ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی اور کمپنی کے خاتمے کے لئے یونین کو اب سخت فیصلے کرنا ہونگے کیونکہ تنخواہیں بروقت ادا نہ ہونے سے ملازمین ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں کہ ایک طرف ہوشربا مہنگائی کا طوفان ہے دوسری طرف تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ملازمین کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔کل سے ملازمین کو تنخواہوں اور بقایاجات کی ادائیگی و دیگر مطالبات کے آرڈر جاری ہونے یا کمپنی کے خاتمے تک پانچوں زونز میں صفائی مکمل طور پر بند رہیگی اور تمام ملازمین حیات آباد ہیڈ آفس کے سامنے پرامن احتجاجی دھرنا دینگے اور یہ دھرنا تنخواہوں و بقایاجات کی ادائیگی و دیگر مطالبات کے آرڈر جاری ہونے یا WSSP کمپنی سمیت صوبے میں تمام کمپنیوں کے خاتمے تک جاری رہے گی ۔