برطانیہ میں ڈیزل کی قیمتوں میں 12 پنس کی کمی، آر سی اے کا مزید کمی کا مطالبہ

June 05, 2023

لندن (پی اے) ڈیزل کی قیمتوں میں 12پنس کی کمی ہو گئی تاہم آر اے سی نے کہا ہے کہ مزید کمی ہونی چاہئے۔ آر اے سی کے مطابق گزشتہ ماہ برطانیہ میں ڈیزل کی قیمتوں میں 12پنس فی لیٹر کی اوسطاً ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔ گروپ کا کہنا ہے کہ پمپ کی قیمتیں ایک اعشاریہ 59پونڈ سے گر کر ایک اعشاریہ 47پونڈ ہو گئی ہیں اور فیملی کار بھروانے کی لاگت میں ساڑھے 6پونڈ کمی ہوئی ہے۔ آر اے سی نے کہا ہے کہ کمی 2000 میں قیمتوں کی نگرانی کے آغاز سے سب سے زیادہ ماہانہ کمی ہے۔ مانیٹرنگ گروپ نے دلیل دی ہے کہ قیمتوں میں کمی عرصہ دراز سے واجب تھی اور ہول سیل قیمت میں کمی کے لحاظ سے اور جتنی ہونی چاہئے اس سے کم ہے۔ برٹش سیل لاگت میں کمی کے لحاظ سے ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کی گئی ہے۔ مسلسل 7ماہ کمی کے بعد ڈیزل کی قیمتیں 2022کی زیادہ قیمتوں کے بعد اب 25فیصد سے زائد کم ہیں۔ یوکرین پر روسی حملے کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافے پر گزشتہ موسم گرما میں ایندھن کی قیمتوں نے ایک اعشاریہ 99فی لیٹر کو چھو لیا تھا۔ پٹرول کی قیمتوں میں بھی اس وقت کے بعد سےبتدریج کمی آرہی ہے اور آر اےسی کے اعدادوشمار کے مطابق وہ ایک اعشاریہ 46سے کم ہو کر ایک اعشاریہ 43ہو گئی ہیں۔ مانیٹرنگ گروپ نے تجویز دی ہے کہ قیمتوں میں کمی اتنی تیزی سے نہیں آئی ہے جتنی کہ آنی چاہئے اس نے نوٹ کیا ہے کہ شمالی آئرلینڈ میں قیمتیں نمایاں طور پر کم ہیں۔ آر اے سی نے کہا ہے کہ کمی ہول سیل مارکیٹ میں آنے والی تبدیلیوں کی عکاسی کرتی ہوئی مزید ہونی چاہئے کیونکہ ڈیزل کی ہول سیل لاگتوں میں 10 ہفتے سے پٹرول کے مقابلے میں کمی ہے۔ کمپی ٹیشن اینڈ مارکیٹس اتھارٹی نے مئی میں اعلان کیا تھا کہ وہ ایندھن کی قیمتوں کی تحقیقات کر رہی ہے اور آیا مقابلے میں ناکامی کا مطلب یہ ہے کہ ڈرائیورز زیادہ ادائیگی کریں۔