راولپنڈی ضلع کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا کنٹرول آر ڈی اے کو دیدیا گیا

June 05, 2023

راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) ضلع کونسل راولپنڈی نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت ضلع راولپنڈی میں چار نجی ہاؤسنگ سکیموں کے لے آؤٹ پلان کی سکروٹنی کیلئے ٹیکنیکل کمیٹی اجلاس کے حوالے سے پنجاب ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے کردار پر سوال اٹھا دیئے ہیں۔ سی او ضلع کونسل کے مراسلہ میں کہا ہے کہ راولپنڈی و ضلع کا ماسٹر پلان بن رہا ہے‘ نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے حوالے سے امور آر ڈی اے کو دیدیے گئے ہیں‘ اسلئے آر ڈی اے کیساتھ معاملہ اٹھایا جائے۔ ادھر راولپنڈی ضلع کی پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا کنٹرول آر ڈی اے کو دیدیا گیا ہے‘ ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جو ایم او یو کی تیاری میں معاونت کریگی۔ اس بات کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ ڈی جی آر ڈی اے سیف انور جپہ نے موقف اختیار کیا کہ ایم او یو کو حتمی شکل دیئے بغیر آر ڈی اے نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے سلسلے میں کردار ادا نہیں کرسکتا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے ساتھ ساتھ ضلع کونسل کی حدود میں بلڈنگ بائی لاز کی ذمہ داری بھی آر ڈی اے کی ہوگی۔