گیس کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے، حافظ نعیم الرحمٰن

June 05, 2023

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے اوگرا کی جانب سے سوئی ناردرن کے لیے گیس کی قیمت میں اوسطاً 50 فیصد اور سوئی سدرن کے لیے اوسطاً 45 فیصد اضافے کی منظوری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے، شدید گرمی میں کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا مشکل کردیا ،انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے مزید مہنگائی کا طوفان آئے گا،پہلے ہی اشیائے خوردنوش سمیت ضروریات زندگی شہریوں کی قوت خرید سے باہرہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگار ی کے باعث شہری شدید ذہنی و جسمانی اذیت کاشکا ر ہیں، کراچی میں شہریوں کو گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے جس کی وجہ سے شدید مسائل پیدا ہورہے ہیں،انہوں نے کہاکہ اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں 45فیصد اضافہ عوام کی زندگی اجیرن کرنے کے مترادف ہوگا،حکومت ہوش کے ناخن لے اور اوگرا کو گیس کی قیمتوں میں کسی بھی اضافے سے باز رکھے۔