بابر اعظم اور محمد رضوان نے ہارورڈ یونیورسٹی کورس مکمل کرلیا

June 06, 2023

کراچی (جنگ نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے ہارورڈ یونیورسٹی بزنس اسکول کا بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اینڈ اسپورٹس (بی ای ایم ایس) کورس کامیابی سے مکمل کیا ساتھ ہی ہارورڈ بزنس اسکول میں اپنے وقت کے دوران کمیونٹی کے مختلف افراد کے ساتھ فعال طور پر مشغول رہے۔ وہ کورس کرنے والے پہلے کرکٹرز ہیں۔

ان سے قبل مشہور فٹ بالر کاکا ، ایڈون وان ڈیر سار ، جیرارڈ پیکے ، اولیور کاہن ، این ایف ایل کے برینڈن مارشل ، این بی اے کے کرس بوش اور ڈوین ویڈ ، اور میجر لیگ بیس بال کے ایلکس روڈریگیز بھی یہ کورس کرچکے ہیں۔

بابرا عظم اور محمد رضوان نے پروگرام میں شرکت سے قبل سامعین سے اردو زبان میں خطاب کیا تھا۔

بابر اعظم نے کہا کہ وہ ہارورڈ پروگرام کیلئے بہت پرجوش تھے، پروگرام کے دوران انہوں نے جونیئر اور سینئر ساتھیوں سے بہت کچھ سیکھا، سیکھنے کا عمل کبھی ختم نہیں ہوتا۔ لوگوں کو خود پر بھروسہ کرنا چاہئے اور منزل کیلئے درست سمت کا تعین کریں۔

آج کل نوجوان نسل کسی اور ہی طرف چل نکلی ہے، اپنے بڑوں کی نصیحتوں کو دھیان سے سننا اور اس پر غوروفکر کرنا چاہئے۔ دریں اثنا محمد رضوان نے ہارورڈ بزنس اسکول کی اپنی ٹیچر کو قرآن پاک تحفے میں دے دیا۔