ایس بی کے کی طالبات پولیس تشدد کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ایس ایس پی آپریشن

June 06, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ زوہیب محسن نے سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کی طالبات کی جانب سے احتجاج کے دوران پولیس کے لاٹھی چارج کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبات کا پرامن احتجاج کرنا حق ہے پولیس کبھی بھی اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے حدود سے تجاوز نہیں کرتی یہ ہماری بیٹیاں اور بہنیں ہیں۔ کچھ عناصر پولیس کا مورال ڈاون کرنے کیلئے اپنے اوچھے مقاصد کو پروان چڑھانے کیلئے سوشل میڈیا پر پولیس کی کردار کشی کر رہے ہیں ۔ کسی بھی مہذب معاشرے میں اسطرح کا عمل نہیں دہرایا جاتا گزشتہ روز سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کی طالبات اپنے مسائل کے حوالے سے احتجاج کررہی تھیں اور سوشل میڈیا پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کے حوالے سے بے بنیاد من گھڑت خبریں چلائی جارہی ہیں۔ جن میں کوئی صداقت نہیں پولیس نے ہمیشہ پرامن احتجاج کرنیوالوں کو سیکیورٹی کے انتظامات ممکن بنائے ہیں اور آج بھی احتجاج کرنیوالی طالبات کی سیکیورٹی کیلئے خواتین پولیس کو تعینات کیا گیا ۔