چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد کیا جائے، جی ٹی اے بی

June 06, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے 22 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ ہونے کیخلاف ریڈ زون میں احتجاجی دھرنا دے دیا،پیر کو گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے 22 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ ہونے کیخلاف کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار پر احتجاجی جلسہ منعقد کیا ۔ جلسہ سے گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حاجی حبیب الرحمنٰ مردانزئی ، سیکرٹری جنرل سجاد حسین رند ، چیئرمین مشاورتی کونسل میر شہباز خان قلندرانی ، چیف آرگنائزر حاجی محمد یونس کاکڑ ، سینئر نائب صدر گل باران حسنی ، وائس چیئرمین مومن خان ترین ، سیکرٹری اطلاعات شہزادہ حیدر کاکڑ ، نائب صدر ثناءاللہ سمالانی اور سیکرٹری ہیڈ آفس محمد صدیق مشوانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کے حل طلب مسائل پر حکومتی عدم توجہی کے باعث سخت لائحہ عمل اپنانا ناگزیز ہوچکا ہے ،حکومت رویہ تبدیل کرتے ہوئے اساتذہ کے مسائل اور مشکلات کا احساس کرتے ہوئے فوری نوٹیفکیشن جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اساتذہ کو درپیش کے مسائل کے حل پر توجہ نہیں دے رہی بلکہ جان بوجھ کر اساتذہ کرام کو سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کہ فوری طور پر جی ٹی اے بی کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد کیا جائے ، اساتذہ کے حقوق غصب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائیگی ، انہوں نے کہا کہ اساتذہ اپنے حقوق کے لئے سراپا احتجاج ہیں لیکن حکومت غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے لیکن اساتذہ کرام کسی صورت اپنے حقوق سے دستبراد نہیں ہونگے اور نہ ہی اپنے حقوق کیلئے کسی قربانی سے دریغ کرینگے، بعدازں گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے زیر اہتمام 22 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ ہونے کیخلاف اساتذہ نے میٹروپولیٹن کارپوریشن سے ریڈ زون تک احتجاجی ریلی نکالی اور احتجاجی دھرنا دیا جو رات گئے تک جاری رہا گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے مرکزی صدر حبیب الرحمن مردانزئی نے بتایا کہ مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری ہونے تک احتجاجی دھرنا جاری رئیگا۔