سبزل روڈ توسیع منصوبہ عوام کیلئے وبال جان بن گیا‘ نیشنل پارٹی

June 06, 2023

کوئٹہ(پ ر) نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر حاجی عطاء محمد بنگلزئی نے کہاہے کہ سبزل روڈ توسیع منصوبہ عوام کیلئے وبال جان بن چکا۔کام سست روی کا شکارہے جس کے باعث عوام کوآمدورفت میں مصائب کاسامناہے تو دوسری جانب دکانداروں خصوصاً اہل علاقہ کی زندگی دن بھر مٹی اڑنے سے عذاب بن چکی ہے جس سے سانس‘ گلے، آنکھوں سمیت مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سبزل روڈ پودگلی قمبرانی روڈ رئیسانی چوک پرپانی کاچھڑکاؤ نہ ہونے کے باعث آئے روز ٹریفک حادثات ہورہے ہیں کیونکہ دھول کے باعث حد نگاہ صفر ہے اورلوگ دن میں بھی گاڑیوں‘ رکشوں اور موٹرسائیکلوں کی لائٹس جلانے پرمجبورہیں مگر افسوس متعلقہ ادارے اورحکومت اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہاکہ ترقی منصوبے کے نام پر لوٹ مارجاری ہے میگاپروجیکٹس میگا کرپشن میں تبدیل ہوچکے ہیں۔