محکمہ ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کا تمام کالجز کو گرین ایریا مختص کرنے کا حکم

June 06, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) ماحولیات کی بہتری کے لیے محکمہ ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کا اقدام،میاواکی طرز کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام کالجز کو گرین ایریا مختص کرنے کا حکم، ہر کالج میں کم از کم دس مرلہ جگہ مختص کر کے ایک ہزار سے بارہ سو کی تعداد میں پودے لگائے جائیں گے، تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے گلوبل وارمنگ کے مسئلے پر قابو پانے اور ماحولیات کی بہتری کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام کالجز کو گرین ایریا مختص کرنے کا حکم دیا ہے، اس حوالے سے اقدامات پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے ملتان، بہاول پور اور ڈیرہ غازی خان کے ڈویژنل ڈائریکٹرز (کالجز) اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کا ایک مشاورتی اجلاس ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب عطاء الحق کے زیر صدارت ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا،اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری طارق محمود، ڈپٹی سیکرٹریز محمد شاہد ملک، ڈاکٹر عظیم قریشی اور ڈی پی آئی(کالجز) جنوبی پنجاب ڈاکٹر فرید شریف سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی،اس موقع پرسیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ کی طرف سے کالجز میں گرین ایریا مختص کرنے کے حوالے سے احکامات پر عمل در آمد کا جائزہ لیا گیا،اجلاس کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری عطاء الحق نے کہا کہ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے تمام کالجز میں گرین ایریا کے قیام کے لیے جگہ مختص کرنے کا حکم دیا ہے، منصوبےکے تحت ہر کالج میں کم از کم دس مرلہ جگہ مختص کر کے ایک ہزار سے بارہ سو کی تعداد میں پودے لگائے جائیں گے۔