طالبات کے تحفظات دور کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی، ڈاکٹر ساجدہ نورین

June 07, 2023

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ساجدہ نورین نے کہاہے کہ احتجاج کرنیوالی طالبات شعبہ فارمیسی سے تھیں جنہوں نے غلط فہمی کی بنیاد پر احتجاج کی راہ اختیار کی، درحقیقت طالبات کو منفی پراپیگنڈہ کرنے والے عناصر کی طرف سے حقائق کے برعکس یہ باور کرایا گیا کہ آپ کے شعبہ فارمیسی کا الحاق فارمیسی کونسل نے ختم کرتے ہوئے رجسٹریشن منسوخ کر دی ہے، جس پر طالبات کا اضطرابی کیفیت سے دوچار ہو کر ردعمل دینا ایک فطری عمل تھا، انہوں نے طالبات پر لاٹھی چارج کے حوالے سے زیرگردش خبر کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایک نامور تعلیمی ادارہ طالبات کے ساتھ اس قسم کے غیر مہذبانہ روئیے کا ارتکاب تو درکنار ایسا کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا نیز طالبات کے تحفظات دور کرنے کے لئے کمیٹی کی تشکیل دی جا چکی ہے جس میں طالبات کوبھی نمائندگی فراہم کی گئی ہے، احتجاج کے پیچھے منفی سوچ کے حامل عناصر کی کھوج لگانے کے لیے ادارہ باقاعدہ تحقیقات کے بعد سختی سے نمٹے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام طالبات ہماری بیٹیوں کی طرح ہیں ،ان کے جو بھی مسائل ہیں ،ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم انہیں فوری طور پر حل کریں اور ہم نے اس سلسلسے میں کبھی کوتاہی نہیں کی، اپنے وسائل میں رہتے ہوئے طالبات کو جدید تعلیم فراہم کررہے ہیں۔