کرکٹ بورڈ میں نجم سیٹھی کی کور ٹیم کی واپسی کا سلسلہ جاری

June 08, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ میں نجم سیٹھی کی کور ٹیم کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ نائیلہ بھٹی اور خیام قیصر کے بعد ڈاکٹرسہیل سلیم نے ہیڈ آفمیڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنسزکا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ ان کی تقرری ڈاکٹر نجیب سومرو کی جگہ ہوئی ہے، آسٹریلیا سے آنے والے نجیب سومرو کوچند ہفتے قبل فارغ کردیا گیا تھا۔ کراچی ہوٹل میں پی ایس ایل کے دوران کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے ٹورنامنٹ کو ملتوی کردیا گیا تھا اور ڈاکٹر سہیل سلیم کو اس کا ذمے دار ٹھہرایا گیا تھا۔ وہ 2021 میں ہیڈ آف میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے عہدے سے الگ ہوگئے تھے ۔پی سی بی ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر سہیل نے ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔ اس سے قبل خیام قیصر کو ڈائریکٹر ایچ آر اور ایڈمن مقرر کیا گیا تھا۔ سی ای او فیصل حسنین کو ہیڈ آف اسپیشل پروجیکٹ مقرر کیا ہے۔ عثمان واہلہ کو ڈائریکٹر انٹر نیشنل کرکٹ اور ذاکر خان کو اسپیشل پروجیکٹ میں رکھا گیا ہے ۔ نائیلہ بھٹی پی ایس ایل کمشنر بن گئی ہیں۔ پی سی بی نے حال ہی میں کنسلٹنٹ میڈیا پی ایس ایل کا بھی عہدہ مشتہر کیا ہے۔