کراچی (نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے جاپان میں شیڈول ایشین گیمز کیلئے234رکنی دستے کا اعلان کردیا۔ فاطمہ لاکھانی چیف ڈی مشن ہونگیں، 93ارکان کے اخراجات پاکستان اسپورٹس بورڈ اٹھائے گا۔ باقی 141اتھلیٹس خود یا فیڈریشنز کی معاونت سے جاپان کا سفر کریں گے، ڈوپ ٹیسٹ کا شکار ریسلر انعام بٹ نے انکوائری مکمل ہونے تک دستے کے ساتھ نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہاکی ٹیم کا دستہ 27، مردوں کا کرکٹ اسکواڈ21 جبکہ خواتین کرکٹ اسکواڈ 23 ارکان پر مشتمل ہوگا، اولمپکس ہیرو ارشد ندیم ،اولمپئنز بیڈ منٹن اسٹار ماہور شہزاد، گھڑ سوار عثمان خان بھی دستے میں شامل ہیں۔ پاکستان ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باکسنگ، گھڑ سواری، تلوار بازی، کبڈی، مکسڈ ٹرائیل آرٹس، روئنگ، سیلنگ، شوٹنگ، سافٹ ٹینس، اسکواش، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، تائی کوانڈو، ٹینس، ٹرائی تھلون، والی بال، ریسلنگ، ووشو اور ای اسپورٹس میں بھی ایکشن میں ہوگا۔