• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایجبسٹن ٹیسٹ، پلیئرز بدلے قسمت نہ بدلی، پاکستان 133 پر ڈھیر، 8 بیٹر ڈبل فیگر میں نہ جاسکے

دبئی (نمائندہ خصوصی)سات کھلاڑیوں اور کوچز کی تبدیلی سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں کوئی فرق نہیں آیااور سیریز کے آخری میچ میں پاکستانی بیٹرز نےانگلش پیس اٹیک کے خلاف مزید خراب کارکردگی دکھائی۔بدھ کو ایجبسٹن میں تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن لنچ کے ایک گھنٹے بعد پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 33.5 اوورز میں 133 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، 8 بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔سعود شکیل 43 ، محمد عباس 21 اور رضا اللہ نے 11 رنز بنائے۔دسویں وکٹ پر محمد عباس اور محمد علی نے26رنز کا اضافہ کیا جبکہ 20رنز فاضل تھے۔ جوش ٹنگ نے42رنز دے کر چار ،اولی رابنسن نے15اور جوفرا آرچرڈ نے25رنز کے عوض تین تین وکٹ لیے۔ پہلے دن کھیل ختم ہونے پر انگلینڈ نےچار وکٹ پر 156 رنزبناکر 23رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے۔بین ڈکٹ 11، ایمیلو گے 60،جارڈن کاکس چار اور کپتان جوروٹ آٹھ رنزبناسکے۔ نوجوان فاسٹ بولر رضا اللہ نے اپنے پہلے اوور میں روٹ کو آؤٹ کیا، وہ دو جبکہ محمد عباس اور محمد علی ایک ایک وکٹ لے چکے ہیں۔ پاکستانی ٹیم کی اننگز تباہ کن انداز میں شروع ہوئی ۔ دوسال سے زائد عرصے بعد ٹیم میں آنے والے صائم ایوب صفر،اذان اویس9،عبداللہ شفیق تین اورپچاسواں ٹیسٹ کھیلنے والے شان مسعودپانچ رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔کپتان بابر اعظم 18گیندوں پر سات رنز بناکر جوش ٹنگ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ غازی غوری نے پہلی گیند پر چوکا مارا لیکن وہ چار اور عمران رندھاوا پانچ رنز بناسکے ۔قبل ازیں پاکستان نے اپنی ابتدائی الیون میں چار نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا ۔ ان میں تین ایسے کھلاڑی ہیں جو اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔محمد رضوان کی جگہ وکٹ کیپر غازی غوری اور فاسٹ بولرز محمد عمران رندھاوا اور رضا اللہ کو اسپنر علی عثمان اورخرم شہزاد کی جگہ موقع دیا گیا۔انگلینڈ نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ۔

اسپورٹس سے مزید