ایشین گیمز میں پاکستان کا 180 رکنی دستہ بھیجنے کا فیصلہ

June 09, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چین میں رواں سال ایشین گیمز میں پاکستان کا دستہ180رکنی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈی جی شعیب کھوسو کی صدارت میں ہوا جس میں پی او اے کے سکریٹری جنرل خالد محمود، مختلف فیڈریشنوں کے نمائندوں اور پی ایس بی کے اہم حکام نے شرکت کی۔ خالد محمود اور اسپورٹس فیڈریشنز حکام نے گیمز سے متعلق اپنی ترجیحات سے آگاہ کیا اور تجویز دی ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ ان کھیلوں کو بھرپور سپورٹ کرے جن میں میڈلز آنے کی توقع ہے۔ دریں اثناپاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی ایشین گیمز کیلئے قومی ٹیم کی ایکریڈیشن کرانے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے ٹیم قومی دستے کا حصہ نہیں ہوگی۔