اسلام آباد میں 5 سستے بازار قائم کرنے کی منظوری منصوبہ 2 سال میں مکمل ہوگا

June 09, 2023

اسلام آ باد (نیوز رپورٹر)سی ڈ ی اے کی ترقیاتی کمیٹی ( ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی ) نے اسلام آ باد کے پانچ مختلف مقامات پر سستا بازار قائم کرنے کی منظوری دیدی ۔ اس پراجیکٹ کے پی سی ون کی لاگت 73کروڑ34لاکھ روپے ہے۔ یہ منظوری چیئر مین نور الامین مینگل کی زیر صدارت اجلاس میں دی گئی ۔ نئے سستے با زار ترامڑی چوک ‘ سیکٹر آئی چودہ ‘ سیکٹر ایچ الیون ‘ مارگلہ ٹاؤن فیز ٹو اور ماڈل ٹاؤن ہمک میںقائم کئے جائینگے۔ بازاروں کی تعمیر کا منصوبہ دو سال میں مکمل ہو گا۔سیکٹر آئی نائن میں سیوریج ٹر یٹمنٹ پلانٹ سے متصل دو ایکڑ کے پلاٹ میں ویسٹ ٹرانسفر اسٹیشن بنا یا جا ئیگا۔ اس پراجیکٹ کے پی سی ون کی لاگت 53کروڑ19لاکھ رو پے ہے۔ اس کی تعمیر چھ ماہ میں مکمل کی جا ئیگی۔اسلام آ باد میںگراؤنڈ واٹر کی سطح کو ری چارج کرنے کیلئے فیز یبلٹی اسٹڈی کرانے کی منظوری دی گئی ۔ کنسلٹنسی سروسز کی ہائرنگ کیلئے پی سی ٹو کی منظوری دی گئی جس کی لاگت ایک کروڑ89لاکھ رو پے ہے۔شاہدرہ اور چنیوٹ کے مقام پر دو نئے ڈیموں کی تعمیر کیلئے فیز یبلٹی اسٹڈی کرانے کی منظوری دی گئی۔ آ وارہ کتوں کے ڈاگ کنٹرول سنٹر کے قیام کیلئے پی سی ون کی منظوری دی گئی۔ اس کی لاگت کا تخمینہ 15کروڑ95لاکھ روپے لگایا گیا ، منصوبہ کی تعمیر کیلئے چھ ماہ کی مدت مقرر کی گئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ڈاگ سنٹر چھ سات ماہ سے پہلے ہی کام کر رہا ہے۔شاہراہ دستور پر باغ دستور کی تعمیر کی منظوی دی گئی ۔ اس کے پی سی ون کی لاگت آٹھ کروڑ پندرہ لاکھ روپے ہے۔