برطانیہ میں قیمتوں میں اضافے کے بعد فوڈ شاپنگ کی عادات میں بڑی تبدیلی

June 10, 2023

لندن (پی اے) برطانیہ میں قیمتوں میں اضافے کے بعد لوگوں کی فوڈ شاپنگ کی عادات میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔ شاپنگ کرنے والے اب سپر مارکیٹ میں کم جاتے ہیں اور ڈسکاؤنٹ حاصل کرنے کے لیے لائلٹی اسکیموں سے استفادہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اسی طرح اب شاپنگ کرنے والے دکانداروں کے اپنے لیبل کی اشیا خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں، اسی طرح اب ڈسکاؤنٹ حاصل کرنے کے لیے الڈی جیسے اسٹورز کا رخ کرنے کا رجحان بھی تبدیل ہورہا ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق کووڈ سے قبل اوسطاً لوگ ایک ماہ کے دوران کم و بیش18مرتبہ گروسری کی خریداری کے لیے جاتے تھے لیکن اب یہ اوسطاً ماہانہ16رہ گیا ہے۔ خریداروں کا کہنا ہے کہ اب وہ اپنی ضرورت کی زیادہ تر اشیا اپنی اصل بڑی دکان سے خرید لیتے ہیں جبکہ کورونا ے قبل ایسا کم ہوتا تھا۔ آئس لینڈ کے گروپ سیلز ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ شاپنگ کرنے والے خاص طور پر مہینے کے آخری ہفتے کے دوران زیادہ خرچ کرتے ہیں۔ کورونا کے بعد اب آن لائن گروسری کی خریداری15.4فیصد سے کم ہوکر11.7فیصد رہ گئی ہے اور سے معمر افراد نے جو کورونا کے دوران آن لائن خریداری کرتے تھے، اب یہ بذات خود شاپنگ سینٹرز پر جانے لگے ہیں، جن لوگوں کو وقت مل جاتا ہے وہ دکانوں پر جاتے ہیں، غالباً اس طرح ان کو تفریح کا موقع بھی مل جاتا ہے اور اس دوران بعض دوستوں سے ملاقاتیں بھی ہوجاتی ہیں۔