میئر کے انتخابات میں ہماری کامیابی یقینی، حافظ نعیم آج کاغذات نامزدگی جمع کروائینگے

June 10, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میئر کے لیے ہفتہ 10جون کو صبح ساڑھے 10 بجے ریجنل آفس الیکشن کمیشن میں جماعت اسلامی کے امیدوار کی حیثیت سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے،میئر کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے حافظ نعیم الرحمنٰ کی غیر مشروط حمایت کی ہے،جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے منتخب چیئرمین اور سٹی کونسل میں مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والوں کی کل تعداد ملا کر 193بنتی ہے جو میئر کے کامیاب ہونے کے لیے مطلوبہ تعداد سے کہیں زیادہ ہے اور حافظ نعیم الرحمنٰ کی کامیابی یقینی ہے،میئر کے انتخاب کے سلسلے میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں اور شہریوں میں زبردست جو ش و خروش پایاجاتا ہے، دریں اثناء امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمنٰ نے اپنے ایک بیان میں ایک بار پھر اس عزم کا اظہارکیا ہے کہ میئر کے انتخابات میں ہماری کامیابی یقینی ہے جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی واضح اکثریت ثابت ہوچکی ہے اور پیپلزپارٹی تمام تر حکومتی اختیارات و وسائل کے بے دریغ استعمال، اپنے غیر جمہوری، غیر آئینی وغیر قانونی ہتھکنڈوں، بدترین دھاندلی اور دھونس ودھمکی کے باوجود مطلوبہ نمبر پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔