کراچی (اسٹاف رپورٹر) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں عظمت حرمین شریفین آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں مختلف دینی و سیاسی جماعتوں کے قائدین، علماء کرام اور مذہبی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی، کانفرنس کے متفقہ اعلامیےکے مطابق عظمت حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ملک گیر تحریک کا اعلا ن کیا گیا، جمعے کو ملک بھر میں عظمت حرمین شریفین کے موضوع پر خطبات اور احتجاجی مظاہرے ہوں گے، کانفرنس کی صدارت مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سینئر نائب امیر اور دفاع پاکستان و سعودی عرب کونسل کے سربراہ ڈاکٹر علی محمد ابو تراب نے کی، انہوں نے کہا کہ ہمارے روحانی، جذباتی، دینی، قلبی اور ملی عقیدتوں کا محور و مرکز حرمین شریفین ہے، تاہم حرمین شریفین کے خلاف ناپاک عزائم رکھنے والوں کا راستہ روکنے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں، شرکاء نے حرمین شریفین کے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالم اسلام کے اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا،،کانفرنس میں مولانا اورنگزیب فاروقی، قاری محمد عثمان، مفتی محمد یوسف قصوری، ڈاکٹر قاری خلیل الرحمٰن جاوید، ڈاکٹر مقبول احمد مکی ، مولانا مفتی رفیق سلفی، اور دیگر علماء و رہنماؤں نے شرکت کی۔