جامعہ کراچی، جھگڑے کا مقدمہ درج، نامزد افراد کی گرفتاری کے خلاف طلبہ کا احتجاج

June 10, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کی کینٹین میں جھگڑے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ میں نامزد افراد کی گرفتاری کے خلاف جامعہ کراچی میں طلبہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا،اطلاعات کے مطابق عدیل نامی نوجوان کا معمولی سی بات پر دوست سے جھگڑا ہوا اس دوران جامعہ کی سیکورٹی وہاں پہنچی اور معاملے کو ختم کروا دیا تاہم نوجوان عدیل نے بعد ازاں مبینہ ٹاؤن میں واقعہ کا مقدمہ احتشام اور اسکے دوست کے خلاف درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ کینٹین میں بیٹھا تھا کہ ایک لڑکا میرے پاس آیا نہایت بدتمیزی سے ٹائم پوچھا،میں نے کہا بدتمیزی کیوں کر رہے ہو تو وہ لڑنے لگا اور دیگر ساتھیوں نے مل کر مجھے مارنا شروع کردیا جبکہ ایک لڑکے نے مجھ پر پستول نکال کر گولیاں چلائیں لیکن میں بچ گیا، میری تلاشی لے کر پیسے اور دیگر کاغذات بھی نکال لئے گئے ،پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد میں ملوث گرفتار دونوں ملزمان طالبعلم نہیں ہیں ان کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی،مظاہرین کا کہنا تھا کہ جھگڑا کرنے والا نوجوان خود کو ایس ایس پی سی ٹی ڈی کا قریبی عزیز بتاتا رہا اور دھمکیاں دیتا رہا، مظاہرین نے بتایا کہ احتشام حیدر فائنانس ڈپارٹمنٹ کا طالب علم ہے، مظاہرے کے باعث یونیورسٹی روڈ پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، دوسری جانب امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے واقعہ کی سخت مزمت کی اور کہا کہ پولیس کی جامعہ کراچی کے معاملات میں مداخلت جامعہ انتظامیہ کی ناکام کا ثبوت ہے۔