• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیہ میں پلاسٹک کی فیکٹری، طارق روڈ پر نجی شاپنگ مال میں آگ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ میں پلاسٹک فیکٹری ،طارق روڈ پر نجی شاپنگ مال میں آگ لگ گئی ،تفصیلات کے مطابق بلدیہ سپارکو روڈ کے قریب پلاسٹک کے برتن بنانے والی فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی ، آگ سے نکلنے والے دھویں کے سیاہ بادل کئی کلو میٹر دور سے دکھائی دیئے ، ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے کی کوششی شروع کر دیں اور فائر فائٹرز نے 5 فائر ٹینڈرز کی مدد سے ڈھائی گھٹنے سے زائد کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا ، ابتدائی معلومات کے مطابق آگ سولر پینل میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ، بھاری مالیت کی پلاسٹک سے بنی اشیا اور لکڑیاں خاکستر ہوگئیں تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، دریں اثنا طارق روڈ پر واقع نجی شاپنگ مال میں لگنے والی آگ پر فائرفائٹرز نے تقریبا ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا، ترجمان سینٹرل فائربریگیڈ کے مطابق امدادی کام کے دوران دو فائر فائٹرز بلال اور سکندر دھوئیں سے متاثر ہو کر بے ہوش ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی ،آگ کے باعث بیسمنٹ میں قائم دو سے تین دکانیں متاثر ہوئیں جو کپڑوں کی بتائی جا رہی ہیں، چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا کہ واقعہ کے بعد مارکیٹ ایسوسی ایشن نے فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے دس لاکھ روپے نقد رقم انعام دینے جبکہ بے ہوش ہونے والے فائر فائٹر سکندر کے لیے الگ سے دو لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا گیا ہے ، مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا تھا کہ فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی کے باعث بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید