اسپورٹس شخصیات کا بجٹ میں شعبہ کھیل میں واضح اعلانات نہ ہونے پر اظہار مایوسی

June 10, 2023

کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) کھیلوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے وفاقی بجٹ میں کھیل کے شعبے میں واضح اعلانات نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے اداروں کی ٹیموں کی بحالی کے اعلانات کے باوجود وفاقی بجٹ میں اس بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا، عمران خان حکومت میں ٹیموں کی بندش سے ہزاروں کھلاڑی اور آفیشلز پچھلے تین سال سے بے روزگار ہیں اور مشکلات کا شکار ہیں ،سابق کھلاڑیوں کی امداد کے لئے فنڈ قائم کیا جانا چاہئے تھا جس پر کوئی پیشرفت نہ ہوسکی،ان کا کہنا ہے کہ بجٹ میں ملک کے اس اہم ترین شعبے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا،کھیلوں کے سامان پر عائد ٹیکس ختم کئے جانے چاہئے تھے،فیڈریشنوں اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے بجٹ میں بھی اضافہ کیا جانا چاہئے تھا مگر حکومت نے اس کو نظر انداز کردیا، پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی کو اس وقت خصوصی گرانٹ کی ضرورت ہے، اس کھیل میں بہتری کے لئے حکومت کو فیڈریشن کی گرانٹ میں اضافہ کرنا چاہئے،اسنوکر، باسکٹ بال، والی بال، ٹیبل ٹینس، جمنا سٹک، اسکواش ، مارشل آرٹ سمیت دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں اور حکام نے کہا ہے کہ حکومتی سطح پر کھیلوں کے شعبے پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے، پاکستان میں کھیل کے شعبے میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے،مگر عدم توجہی کے باعث ہم اس شعبے میں خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں کر پارہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو کھیلوں کی لیگز کے انعقاد کے حوالے سے فیڈریشنوں کو خصوصی رعایت دینا چاہئے تاکہ کھلاڑیوں کو فائدہ پہنچ سکے،ان کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومتوں کو اپنے بجٹ میں کھیلوں کے منصوبوں اور کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود، ان کی ٹریننگ کے حوالے سے رقم مختص کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔مختلف کھیلوں کی خواتین کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ حکومت ہر ادادے میں کھیلوں کے شعبے کو بحال کرنا چاہئے تاکہ کھلاڑی اور آفیشلز معاشی بحران سے باہر آسکیں۔