خدشات کے باوجود حقیقت پسندانہ بجٹ پیش کیا گیا، پیپلز لیبر بیورو

June 10, 2023

راولپنڈی ( خصوصی نمائندہ) ) پیپلز لیبر بیورو سنٹرل پنجاب کے صدر سید نذر حسین شاہ اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات سجاد حسین ساجد نے وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اور پنشنوں میں ساڑھے سترہ فیصد اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ اتحادی حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط، پابندیوں، مالی مشکلات، خدشات اور خوف کے ماحول میں حقیقت پسندانہ بجٹ پیش کیا ہے۔ انہوں نے ای او بی آئی پنشن میں صرف ڈیڑھ ہزار روپے اضافے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ای او بی آئی پنشن بھی کم از کم اجرت بتیس ہزار روپے کے برابر ہونی چاہیے۔ پیپلز لیبر بیورو کے راہنماؤں نے تنخواہوں و پنشنوں میں اضافے کیلئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کے کردار کو سراہا ۔