فسطائیت کے باوجود پی پی کو میئر کے انتخاب میں شکست ہوگی، حافظ نعیم

June 11, 2023

کراچی (این این آئی)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی تمام تر فسطائیت کے باوجود مئیر کے انتخاب میں اسے بری طرح شکست ہو گی، امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر پیپلز پارٹی کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں اور فسطائیت کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے اتوار 11جون کو ملک گیر سطح پر یوم احتجاج منایا جائے گا،اس سلسلے میں شام 4بجے شاہراہ قائدین پر امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی زیر قیادت عظیم الشان اور تاریخی ʼʼتحفظ کراچی مارچʼʼ ہوگا، ہفتے کو الیکشن کمیشن ریجنل آفس کراچی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میئر کے لیے کاغذات ِ نامزدگی جمع کروانے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مئیر کا انتخاب قریب آتے ہی پی ٹی آئی کے لوگوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ ایک بار پھر سے شروع کردیا گیا ہے،15 جون کو مئیر کے انتخاب میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی اپنی اکثریت کو ہر صورت میں ثابت کریں گی، عوام بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی کے غیر جمہوری رویے و کراچی دشمن طرز عمل کے خلاف پر امن احتجاج کریں گے، ہمیں امید ہے کہ 13 جون کو عدالت عالیہ سندھ حکومت کی بدنیتی پر مبنی قانون سازی کو قانونی طور پر مسترد کرے گی،اس موقع پر نائب امراء کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، راجاعارف سلطان، عبد الوہاب، اسحاق خان، نومنتخب یوسی چیئر مین سیف الدین ایڈوکیٹ،جنید مکاتی، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہاکہ پیپلز پارٹی ایک طرف پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پوری دنیا میں سوفٹ امیج بنانے میں مصروف ہے۔