لندن (پی اے) برطانیہ میں گزشتہ روز ایک 8 سالہ بچی ادیتی شنکر کا گردہ تبدیل کردیا گیا لیکن گردے کی تبدیلی کے بعد اس کے جسمانی قوت مزاحمت کو اس طرح ری پروگرام کیا گیا کہ اس کے جسم نے عطیئے میں ملنے والے گردے کو اپنا گردہ تصور کر کے قبول کرلیا، اب اسے زندگی بھر دوائیں نہیں کھانا پڑیں گی۔ برطانیہ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا ٹرانسپلانٹ تھا۔ ادیتی کی ماں کا کہنا ہے کہ نیا گردہ کسی دوا کے بغیر صحیح طرح کام کررہا ہے۔ ادیتی کوسرجری کے ایک ماہ بعد دوائیں کھانے سے روک دیا گیا تھا۔ یہ آپریشن گریٹ اورمنڈ اسٹریٹ ہسپتال لندن میں کیا گیا۔ ادیتی کی ماں کا کہنا ہے کہ اپنا ایک گردہ اور بون میرو عطیہ کرنے پر مجھے فخر ہے۔ اسکریبل کی شوقین ادیتی پیراکی کرسکتی ہے، رقص کرسکتی ہے اور اپنے ٹرامپولین پر کھیل سکتی ہے جبکہ ایک سال قبل اسے ڈائلائسز کیلئے ہسپتال کے چکر کاٹنے پڑ رہے تھے۔ ادیتی کو سب سے پہلے جب گوش ہسپتال بھیجا گیا تھا تو اس کی عمر صرف 5سال تھی، جہاں ڈاکٹروں نے ایک نادر جنیٹک مرض کا پتہ چلایا تھا جو Schimk کا immuno-osseous dysplasi کہلاتا ہے، یہ مرض3 ملین بچوں میں صرف ایک بچے میں پایا جاتا ہے۔ اس کے گردے کی کارکردگی بہت خراب ہوچکی تھی لیکن اس وقت اس کے گردے کی تبدیلی ممکن نہیں تھی، جس کے بعد گوش کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے اس کے علاج کیلئے اپنے بین الاقوامی ساتھیوں کے ساتھ رابطے کے بعد اس کے علاج کا پلان تیار کیا۔ ادیتی کو بون میرو ٹرانسپلانٹ کیلئے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل کیا گیا، جہاں 24 گھنٹے میں ایک دفعہ اس کا ڈائیلاسز کیا جاتا تھا، اس کے6 ماہ بعد ادیتی گردے کی تبدیلی کیلئے پوری طرح تیار ہوچکی تھی۔ اس کے والد اودے، جو باورچی ہے، کا کہنا ہے کہ اس گھر کی پوری رونق ادیتی کے دم سے ہے۔ ادیتی کا آپریشن کرنے والے پروفیسر اسٹیفن مارکس کا کہنا ہے کہ میں 25 سال سے اس ہسپتال میں کام کررہا ہوں اور برطانیہ میں یہ پہلی مریضہ ہے، جسے گردے کی تبدیلی کے بعد اب دوائوں کی ضرورت نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ادیتی برطانیہ میں نیشنل ہیلتھ سروسز کی پہلی مریضہ ہے، جسے ایک ماہ بعد ہی دوائوں کی ضرورت نہیں رہی اور وہ ایک اچھی زندگی گزار رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ اور اس کے 6ماہ بعد ہی گردےکی تبدیلی بہت ہی خطرناک عمل ہے کیونکہ اس سے زخموں کی وجہ سے مریض کی موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔ اب پروفیسر مارکس یورپی پائیڈیاٹرک نیفرولوجی کانفرنس میں اگلے ہفتے اس آپریشن کی تفصیلات بتائیں گے۔