لوٹن (نمائندہ جنگ) کشمیر سالیڈیرٹی کمپین لوٹن کے کوآرڈینیٹر حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا ہے کہ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل پر مغربی ممالک کا ردعمل درست ہے تاہم عالمی برادری ساتھ ہی کشمیریوں کے حوالے انسانی حقوق کی شدید پامالیوں کے واقعات کے متعلق بھی بھارت کو کٹہرے میں لائے۔انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں سکھ لیڈر کے قتل پر حکومت کینیڈا نے جو ردعمل دیا اس کے باعث میں امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا سمیت دنیا بھر کے کئی ممالک اپنی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور کینیڈا سے یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھی چاہئے کہ اس موقع سے فائدہ اٹھا کر کشمیری رہنمائوں اور عوام کی بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہادتوں کے مسئلے کو بھی عالمی برادری کے ساتھ اٹھائے۔ عالمی برادری کو بھی چاہئے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے۔