لندن (ودود مشتاق) سائوتھ انگلینڈ میں رہنے والے برٹش پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیم شیئر فار کیئر کے زیرِ اہتمام اگلے ماہ اکتوبر میں سندھ کے علاقے تھر سمیت دور دراز کےعلاقوں میں طبی کیمپ لگائے جائیں گے جس میں برطانوی ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم موقع پر جا کر لوگوٍں کو علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم کے سربراہ ڈاکٹر ارشد حسین نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم کا مقصدصد ہم وطنوں کو وہ سہولتیں بہم پہچانا ہے جس سے وہ محروم ہیں، جدید ترین علاج معالجے کی سہولتوں سمیت موبائل آپریشن تھیٹرز کے ذریعے لوگوں کے آپریشنز بھی کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ پاک آرمی اور پاکستان کے مقامی ماہر ڈاکٹرز بھی اس کارِ خیر میں حصہ لیں گے۔ ڈاکٹر فرزانہ نے کہا کہ تمام ڈاکٹرز کے خاندان ہر سال یہ کیمپ منعقد کرتے ہیں تاکہ عطیات جمع کرکے مستحق لوگوں کی امداد کی جا سکے۔ ڈاکٹر عامر شیخ اور دیگر شرکا نے کہا کہ برٹش پاکستانی ڈاکٹر اپنے وطن کی خدمت کے ساتھ دونوں ملکوں کی ثقافت کی ہم آہنگی میں پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن سے دور رہ کر وطن کی خدمت کے ذریعے وہ نہ صرف معاشرے کی ترقی میں کردار ادا بلکہ اپنے ملک کی بھرپور نمائندگی بھی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر لندن کے مضافاتی علاقے کینٹ میں ایک روزہ فن فیئر کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کھانوں ،ملبوسات اور زیورات سمیت مختلف اسٹالز لگائے گئے۔ اسٹالز میں اشیا کی فروخت کیلئے ڈاکٹرز کی اپنی فیملیز گھروں سے کھانے کی اشیا تیار کرکے لائی تھیں تاکہ انہیں فروخت کرکے مقدس فریضے کیلئے عطیات جمع کئے جائیں۔ اس دوران فیملیز نے پورا دن انجوائے کیا جب کہ ڈاکٹرز اور برٹش پاکستانی نوجوانوں کی چار بہترین کرکٹ ٹیموں کے مابین ٹورنامنٹ بھی منعقد ہوا۔ میچ کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر عطیات جمع کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کےلئے انہیں شیلڈز دی گئیں۔