سیرت ختمی مرتبتﷺ پر عمل نہ کرنے سے ہم تقسیم ہوگئے

September 25, 2023

فرینکفرٹ(سیّد اقبال حیدر) جرمنی میں پاک حیدری ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام مجالسِ عزا کا اہتمام مسجد فاطمہ زہرا ؑ میں ہوا جس میں انگلینڈ سے آئے خطیب مولانا سیّد محمد رضوی اور سٹٹگارٹ جرمنی سے مولانا اسمٰعیل بخاری نے خطاب کیا مولانا سیّد محمد رضوی کہا کہ ہم نے سیرتِ ختمی مرتبت اور آئمہ معصومین پر عمل کرناچھوڑ دیا اور آج ہم ٹکڑوں میں بٹ گئے ،دنیا بھر میں امّت مسلمہ کو چاہئے اپنی سلامتی کیلئے مل بیٹھیں اپنے اعلیٰ اخلاق اور طرزِ رہن سہن سے دنیا کو متاثر کریں،دنیا بھر میں باالخصوص یورپ میں بسنے والے مسلمان اپنی نئی نسل کی اعلیٰ تعلیم کی طرف توجہ دیں اور ساتھ بچوں کی دینی تربیت کا بھی خیال رکھیں،اگرنواسہ ٔ رسول ؐ امام حسن ؑ نے اپنے طرزِ زندگی سے ہمیں صلح اور امن کا پیغام دیا ہے تو امام حسین ؑ نے اپنی قربانی سے ہمیں حق کا ساتھ دینے اور ظلم کے خلاف عملی طور پرآواز بلند کرنے کی تعلیم دی ۔ ،دوسری مجلس عزا شہادت امام حسن عسکری ؑ کے سلسلے میں ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئےمولانا اسمٰعیل بخاری نے کہا کہ اسلام نے ہمیں اتحاد اور بھائی چارے کا سبق دیا ہے مگر ہم اس پر عمل نہیں کرتے تمام سنیّ، شیعہ نبی اکرمﷺ کا کلمہ پڑھتے ہیں ،بھائی بھائی ہیں، سنیّ،شیعہ کے درمیان اختلافات پیدا کرنے والے مسلمانوں کو غیر مستحکم کرنے کی سا زش کر رہے ہیں،یہودی و صہیونی طاقتیں 14سو سال سے اسلام کے خلاف برسرِ پیکار ہیں،یورپ کے گلی کوچوں میں قرآن پاک کو جلا کر توہین اور ہماری دل آزاری کی جا رہی ہے اور ستم ظریفی یہ ہے کہ ہم مسلمانوں کے جھگڑوں کے فیصلے وائٹ ہائوس میں ہورہے ہیں، یہودی اور غیرمسلم ہمیں ہمارے تحفظ کی یقین دہانی کرا رہے ہیں جب کہ ہم مسلمانوں کے درمیاں شام ،عراق،لیبیا میں فرقہ وارانہ آگ ان ہی اسلام دشمنوں کی لگائی ہوئی ہے،یہ ہمارے درمیان انتہاپسند خرید کر شامل کرتے ہیں،خدا کے واسطے اس فرقہ وارانہ آگ سے امّت مسلمہ کو بچائیں،آج دنیا ایک نازک دور سے گذر رہی ہے، ہمیں اپنی بقا کیلئے مل جل کر رہنا ہوگا۔ہماری مجالس میں نواسۂ رسول ﷺ کی سیرت کا ذکر ہوتا ہے،نواسہ ٔ رسولﷺ کی سیرت امن،محبت بھائی چارے کا درس دیتی ہے اور تمام سنیّ، شیعہ بھائی اس سیرت پر چلنے کے خواہاں ہیں،چند زر خرید شرپسند عناصر اگر اتحاد کا ماحول خراب کر رہے ہیں ہم سب کو مل کر ان کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔