ملتان( سٹاف رپورٹر) پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران متعدد ملزمان گرفتار کرنے کے علاوہ مقدمات بھی درج کر لیے، تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ قطب پور نے جوئے کے اڈے پر چھاپہ مار کر تاش پر جوا کھیلتے ہوئے ملزمان صدام حسین، احسان، شاہد، اللہ دتہ، عثمان اور ندیم کو گرفتار کر لیا، ملزمان سے داؤ پر لگی 18 ہزار روپے سے زائد رقم اور قمار بازی کا سامان برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا، دوسری جانب پولیس نے مختلف مقامات پرشہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے، پولیس تھانہ مظفر آباد کو نواز نے درخواست دی کہ معمولی لڑائی جھگڑے پر ملزمان حنیف وغیرہ نے گھر میں گھس کر مجھے اور میرے اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا، پولیس تھانہ مخدوم رشید کو رابعہ بی بی نے درخواست دی کہ ملزمان آصف، ساجد، طارق بلال اور سجاد سمیت 9 افراد نے رقبے میں داخل ہو کر مجھے اور میری والدہ کو تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا، تھانہ مخدوم رشید کو ظفر اقبال نے درخواست دی کہ ملزمان وسیم، سلیم، عثمان اور خادم سمیت 8 افراد نے گھر میں گھس کر اسے تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا، پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی،دریں اثنا پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر غیر قانونی منی پٹرول پمپس لگانے، ایل پی جی ری فلنگ ،تیز رفتار گاڑیاں چلانے اور بجلی چوری کرنے کے الزام میں 27 افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر لیے، پولیس تھانہ کینٹ کو عباس نے درخواست دی کہ اس نے ملزم عرفان کے پاس 25 لاکھ روپے بطور امانت رکھوائے اور اب ملزم رقم دینے سے انکاری ہو گیا ہے، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی، پولیس تھانہ سٹی شجاع آباد کو سجاد نے اطلاع دی کہ ڈاکو اس کے گھر میں گھس کر لوٹ مار کر رہے ہیں ،اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو پتہ چلا کہ ملزم نے معمولی لڑائی جھگڑے پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دی ہے ،پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی جب کہ پولیس تھانہ چہلیک نے کارروائی کرتے ہوئے شراب فروش ملزمان محمد ذیشان اور شان مصطفیٰ کو گرفتار کر کے امپورٹڈ شراب کی 271 بوتلیں، 80 لیٹر الکوحل، خالی بوتلیں اور شراب کشید کرنے کا دیگر سامان برآمد برآمد کر لیا، گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ چہلیک میں مقدمات درج کر لیے گئے۔