خطرناک ڈرائیونگ سے ہلاکت، مجرم کو ساڑھے 14 برس کی جیل

September 29, 2023

اگریٹر مانچسٹر/بولٹن(نمائندہ جنگ) بولٹن کراؤن کورٹ نے 26سالہ نوجوان کو خطرناک ڈرائیونگ میں ایک پاکستان نژاد شخص کو ہلاک کرنے کا جرم ثابت ہونے پرجیل کی سزا سنا دی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بولٹن میں عید میلادالنبیﷺ کے جلوس کے مہتمم اعلی میاں عقیل اختر ہالیول روڈ سے گزر رہے تھے کہ دوسری سمت سے آنے والی انتہائی تیز رفتار گاڑی جس کو ایک لکاؤس نامی نوجوان 30میل سپیڈ ایریا میں 80 میل کی رفتار سے چلا رہا تھا، نے ٹکر ماری اور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔ میاں عقیل اختر ٹکر لگنےکے باعث شدید زخمی ہوگئے۔ اس واقعہ کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو کی گئی جس نے میاں عقیل اختر کو ہسپتال پہنچایا لیکن بد قسمتی سے وہ اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ۔ گریٹر مانچسٹر پولیس نے عینی شاہدوں کی مدد اور گاڑی پر پڑے ملزم کے خون کے دھبوں سے ٹیسٹ کے بعد ملزم کو لندن کے ایک علاقے سے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا۔ بولٹن کراؤن کورٹ میں سماعت کے دوران وکیل استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے پولیس کو چکمہ دینے کی کوشش کی کہ حادثے سے قبل اس کی گاڑی چوری ہوگئی تھی مگر ایک عینی شاہد نے لاکاؤس کو موس بنک وے پر انتہائی تیزی کے ساتھ گاڑی چلاتے ہو ئے دیکھا تھا جس میں دوسرے دو لوگ بھی گاڑی میں موجود تھے اس طرح وہ پولیس کو چکمہ دینے کوشش میں کامیاب نہ ہو سکاعلاوہ ازیں ملزم کو سی سی ٹی وی فویٹج میں بھی گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا گیا۔ عدالت میں مرحوم کے صاحبزادے محمد کی جانب سے ایک اداس اور دکھ بھرا بیان بھی سنایا پڑھا گیا جس میں بتایا گیا کہ مرحوم کی موت نے پورے خاندان پر تباہ کن اثرات مرتب کئے ۔وکیل صفائی نے عدالت کو بتا یا کہ ملزم اپنے کئے پر شرمندہ ہے ،بعد ازاں مجرم نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے عدالت سے معافی کی استدعا کی جس پر جج ٹام گلبرٹ نے ملزم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آج تماری خود غرضی لاپروائی اور ہوش کے بجائے جوش سے کام لینے پر ایک ہنستے بستے خاندان کو اجاڑ دیا بلکہ کئی افراد کی زندگی تباہ کر دی ،عدالت نے تمام واقعات اور شواہد کی روشنی میں ملزم کو 10 سال اور چھ ماہ جیل سزا کے علاوہ 14 سال اور 6 ماہ کیلئے ڈرائیونگ پر پابندی عائد کر دی۔