موسم سرما میں انرجی کی گھریلو قیمتوں میں کمی کے باوجود بے شمار لوگ مالی مشکلات کا شکار ہوں گے

October 03, 2023

لندن (پی اے) چیرٹیز نے متنبہ کیا ہے کہ موسم سرما کے دوران انرجی کی قیمتوں پر کیپ اور گھریلو استعمال کی انرجی کی قیمتوں میں کمی کے باوجود بے شمار لوگ مالی مشکلات کا شکار ہوجائیں گے اور انرجی بلز کی ادائیگی کے لیے بعض لوگ ایک وقت کا کھانا ترک کردیں گے یا پھر غسل نہیں کریں گے۔ آف جیم کی جانب سے انرجی کی قیمتوں پر کیپ لگائے جانے کے باوجود سالانہ بل ایک ہزار923پونڈ سالانہ رہ جائے گا۔ انرجی بلز کی ادائیگی کیلئے پریشان لوگوں کی مالی مدد کرنے والی چیرٹیز فیول بینک فاؤنڈیشن کے سربراہ ماتھیو کول کا کہنا ہے کہ قبل از استعمال بلز ادا کرنے والے لوگ بھی اب براہ راست ادائیگی کرنے والوں کی شرح میں سے ادائیگی کررہے ہیں، اب موسم سرما کے دوران ان کے بلز میں250پونڈ ماہانہ کا اضافہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب میٹر میں رقم ختم ہوجاتی ہے تو انرجی حاصل کرنے کا کوئی ذریعہ باقی نہیں رہتا تو اندازہ ہوتا ہے کہ گرمی، گرم پانی اور کھانا پکانے کیلئے فیول سے زیادہ اہم کوئی چیز نہیں ہے۔ آف جیم کی جانب سے انرجی کی قیمتوں پر کیپ کا اطلاق انگلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ کے کم و بیش29ملین افراد پر ہوگا، اس کیپ کے ساتھ وہ زیادہ سے زیادہ سپلائرز کے لیے گیس اور انرجی کی زیادہ سے قیمتی مقرر کردے گا۔ مجموعی بل کا یقینی استعمال شدہ یونٹ کی بنیاد پر یہ کیا جائے گا۔ اس طرح جو جتنی زیادہ انرجی خرچ کرے گا، اتنی ہی زیادہ ادائیگی انہیں کرنا پڑے گی۔ اوسطاً طریقے سے بجلی اور گیس استعمال کرنے والوں کو اب دسمبر تک اوسطاً ایک ہزار423پونڈ ادا کرنا ہوں گے۔ 140تنظیموں کے اتحاد اور ارکان پارلیمنٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس موسم سرما کے دوران انتہائی کمزور اور بے سہارا لوگوں کی مدد کیلئے سوشل ٹیرف متعارف کرائے۔ انرجی سیکورٹی اور نیٹ زیرو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت کو اس بات کا احساس ہے کہ اخراجات زندگی میں اضافے کی وجہ سے فیملیز کو مشکلات کا سامنا ہے اور اس لیے کمزور اور بے سہارا لوگوں کو ٹارگٹڈ سپورٹ فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ’’وارم ہوم‘‘ ڈسکاؤنٹ کی اسکیم کے تحت کم و بیش3ملین گھرانوں کو150پونڈ کا بینی فٹ مل سکے گا جبکہ اخراجات زندگی کی ادائیگی کی اسکیم کے تحت مزید400پونڈ ملیں گے۔