حضور نبی کریم ﷺ کی آمد سے انسانیت کو راحت ملی، علمائے کرام و مشائخ

October 03, 2023

برمنگھم ( آصف محمود براہٹلوی) حضور نبی کریمﷺ کی آمد سے کائنات میں بہار آئی اور انسانیت کو راحت ملی۔ان خیالات کا اظہار صاحبزادہ صوفی جنید اختر، علامہ سید ظفر اللہ شاہ، پیر سلطان نیاز الحسن، صاحبزادہ محمد رفیق چشتی، پیر طیب الرحمن قادری، مفتی فضل احمد قادری اور دیگر نے صوفی عبدللہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سالانہ میلاد مصطفیﷺ جلوس و کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلوس سمال ہیتھ پارک سے نعرہ تکبیر، نعرہ رسالت، نعرہ حیدری کی گونج کے ساتھ خاتم النبیین پر درود و سلام کے نذرانے پیش کرتے ہوئے برمنگھم کی فضاؤں کو معطر کر تا ہوا رواں رہا، جلوس کے راستوں پر عاشقان رسول نے شرکا کی مختلف کھانے پینے کی اشیا سے ضیافت کی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے استقبال کیا ۔ جلوس کے منتظمین کا کہنا تھا اس پُر فتن دور میں تاریکی اور معاشرتی برائیوں سے محفوظ رہنے کیلئے میلاد مصطفیٰ ﷺکے ذریعے سیرت النبیﷺ کو عام کرنا ہو گا۔ جلوس کا اختتام جامع مسجد امیر ملت سنٹر پر ہوا جہاں میلاد النبی کانفرنسسے خطاب کرتے ہوئے علما کرام و مشائخ عظام کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کے دلوں میں حب رسولﷺ کو پروان چڑھانے کیلئے اس طرح کی کانفر نسز ضروری ہیں ۔ اس موقع پر اتحاد امت اور فلسطین و کشمیر کی آزادی کیلئےخصوصی دعائیں کی گئیں۔